سندھ ہائی کورٹ نے لاوارث بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا

ایسے بھکاریوں کوپکڑنے کا کیا فائدہ جن کے پاس ضمانت کے پیسے بھی نہیں ہوتے،جسٹس محمد علی مظہر کے ریمارکس

بدھ 27 جنوری 2021 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) سندھ ہائی کورٹ نے لاوارث بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ جسٹس محمدعلی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ ایسے بھکاریوں کوپکڑنے کا کیا فائدہ جن کے پاس ضمانت کے پیسے بھی نہیں ہوتے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پرپولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سائوتھ زون میں 25،سٹی زون میں 29،کیماڑی زون میں 8 مقدمات درج ہوئے۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات میں مطلوب 32 بھکاریوں کو پکڑا گیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ساری قابل ضمانت دفعات میں بھکاریوں کو پکڑنے کا کیا فائدہ ہے،مافیا کے خلاف کارروائی ضروری ہے اورایسے لوگوں کو سزائیں ملنی چاہیے تاکہ دوسروں کوعبرت ہو۔جسٹس امجد سہتو نے کہا کہ آج کیس لگا ہوا تھا تو پولیس افسران کل کارروائی کرکے آگئے،کیس لگتا ہے تو دکھاوے کیلئے کارروائی کرلی جاتی ہے۔عدالت نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سے مافیا کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی اورحکم دیا کہ لاوارث بچوں کی دیکھ بھال کیلئے درخواست گزار بھی تجاویز دیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں