فردوس شمیم کا وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بارے خط

بدھ 27 جنوری 2021 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے خط لکھ دیا۔ فردوس شمیم نقوی نے خط میں وزیر اعلیٰ سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

فردوس شمیم نقوی نے خط میں لکھا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے اعلان کو 4ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے ، کیا حکمران عوام کو جوابدہ نہیں ہیں وزیر اعلیٰ سے درخواست ہے کہ وہ سب سے پہلے ہمیں بتائیںکہ شہر کے انتظامی امور کو بہتر کرنے کے لئے دی جانے والی تجاویز پر کتنا عمل کیا گیا ہی پہلے مرحلے میں یہ طے ہوا تھا کہ بلڈنگ کنٹرول،سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ، ماس ٹرانسزٹ، ٹرانسپورٹ کے اداروں کو علیحدہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قیام کی تجویز اس لئے دی گئی تھی کہ اسے الک ادارہ بنا کر شہر میں ایک طویل عرصے سے جاری غیر قانونی تعمیرات کو روکا جا سکے۔ سالڈ ویسٹ کا مسئلہ اس وقت ہر جگہ نظر آرہا ہے، ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو فوری طور پراس مسئلے کے حل کے لئے اقدامات کرے گی اور کراچی کو صاف ستھرا شہر بنائے گی ، اس وقت شہر کراچی دنیا کے آلودہ اور گندے ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کا اعلان بھی ہونا تھا تاکہ شہر کی انتظامی تبدیلیوں میں اصلاحات لا کر شہر کی حالت کو بہتر بنایا جا سکے ۔ وزیرا علیٰ سندھ ہمیں یہ مشورہ دیں کہ سندھ کے مختلف شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے کتنی رقم مختص کی جانی چاہئے ۔

فردوس شمیم نقوی کا خط میں مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ان منصوبوں کی تفصیل بھی فراہم کریں جو کہ سندھ حکومت کے مختص کردہ فنڈ سے مکمل کئے جائیں گے اور ساتھ ہی ان منصوبوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں جو اس سال شروع یا مکمل کئے جائیں گے۔فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ایک منتخب رکن سندھ اسمبلی کی حیثیت سے مجھے ان سوالات کے جوابات لینے کا حق ہے ۔

امید کرتے ہیں کہ وزیرا علیٰ سندھ جلد ازجلد ان سوالات کے جوابات دیں گے۔ ہم سب کو مل کر سندھ کی ترقی اور ملک کے معاشی حب کراچی کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کو ایک بار پھر ترقی یافتہ اور روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں