محصورین مشرق پاکستان کو وطن واپس لایا جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر

بنگلادیش کی حکومت میرپوراور ڈھاکہ میں محصورین کے خلاف غیرانسانی اقدامات کررہی ہے،چیئرمین ایم آئی ٹی

جمعرات 28 جنوری 2021 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) مہاجر اتحاد تحریک پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے بنگلادیش میں محصورین مشرق پاکستان کے خیموں میں توڑ پھوڑ کئے جانے اور انہیں ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش کی حکومت میرپور ڈھاکہ میں محصورین مشرق پاکستان کو بیدخل کرنے کیلئے غیر انسانی حرکات کررہی ہے ۔

حکومت پاکستان اس عمل پر اعلیٰ سطحی احتجاج کرے اور محصورین مشرق پاکستان کی منتقلی کے مطالبے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلادیش کے ریڈ کراس کے کیمپوں میں محصورین مشرق پاکستان کی کئی نسلیں کسمپرسی کی زندگی گزار چکی ہیں ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان بنانے اور پاکستان کو بچانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کئے جس کی پاداش میں وہ 1971ء سے بنگلادیش میں ریڈ کراس کے کیمپوں میں اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان نے اس دوران کسی ایک لمحے بھی ان کی پاکستان منتقلی کیلئے سنجیدہ عملی کوشش نہیں کی اس کے برعکس 25لاکھ افغانیوں کو پاکستان لاکر آباد کیا گیا جس کی وجہ سے پاکستان میں جرائم، د ہشت گردی، منشیات میں اضافہ ہوا اور آج یہ افغانی پاکستان کی شہریت اختیار کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے محصورین مشرق پاکستان کے مقدمے کو لڑنے کیلئے نہ تو کوئی وفاقی اور نہ کوئی مذہبی جماعت تیار ہے ۔ ایم کیوایم نے بھی اس نعرے کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ۔ 20 سال سے زائد اقتدار میں رہنے کے باوجود وہ بھی محصورین مشرق پاکستان کو وطن واپس لانے کیلئے کچھ نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر حال میں ان کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں