این اے 221 تھرپارکر۔I کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس

جمعرات 28 جنوری 2021 19:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) این اے 221 تھرپارکر۔I کے ضمنی الیکشن کے انعقاد کے متعلق ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں این اے 221 تھرپارکر۔I کے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے متعلق ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، اِس اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ ریٹرننگ آفیسر/ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر/ ایس ایس پی تھر پارکر/ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر/ مانیٹرنگ افسران/ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز اور تمام متعلقہ ضلعی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریٹرننگ آفیسر نے ضمنی الیکشن کے انعقاد کے انتظامات کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ این اے 221 تھرپارکر۔I میں حق رائے دہندگان کی کُل درج تعداد 2,81,900 ہے، جس میں مرد رائے دہندگان 1,57,099 جبکہ خواتین رائے دہندگان 1,24,801 ہیں۔

(جاری ہے)

جس کیلئے 318 پولنگ اسٹیشنز اور 857 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ پُرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن کے ہدایات کے تحت تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر بنیادی سہولیات، پانی، بجلی، واش روم اور معذور افراد کیلئے ریمپ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشن کی صفائی و ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ اِس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر محمد جلال سکندر سلطان راجہ نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔

اِس ضمن میں حکومت سندھ کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ پولیس افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے مکمل انتظامات کو اُن کی حساسیت کے مطابق کئے جائیں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن بلاتفریق اور سب کیلئے یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہے اور یقین دلایا کہ ضمنی انتخاب میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا۔ متعلقہ حلقہ میں پولنگ 21 فروری 2021 بروز اتوار صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں