سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اور صحافیوں کے مابین تکرارہوگئی

منگل 2 مارچ 2021 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء) سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اور صحافیوں کے مابین تکرارہوگئی اورپی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے الزام تراشی کرتے ہوئے صحافیوں کے خلاف نعرے بازی کی سندھ اسمبلی اجلاس کے اختتام پر حلیم عادل شیخ کی جانب سے پریس کانفرنس دوران ایک صحافی کی جانب سے سوال پوچھنے پر کہ آپ کے ایم پی ایز نے اپنے ہی ساتھی کو کیوں مارا،جس پر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سنیئر صحافی پیپلز پارٹی کے کارکنان کی طرح بات کرنے لگے ہیں۔

جس پرصحافیوں اورحلیم عادل شیخ،پی ٹی آئی رہنماں کے مابین تکرارہوگئی اورحلیم عادل شیخ کی الزام تراشی پر صحافیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔تکرارکے دوران مسلسل صحافیوں پر الزام تراشی اور نعرے بازی کی گئی اور بھتہ خور اور لفافہ صحافی کے نعرے لگتے رہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے صحافیوں پر الزام تراشی اور ان کے خلاف نعرے بازی پر معافی مانگ لی ہے۔

اپنے وضاحتی ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ کاکہنا تھا کہ سندھ اسمبلی سمیت دیگر تمام رپورٹرز سے اچھے تعلقات ہیں،اسمبلی میں ہونے والے واقعے پر ہمارے رکن پر تشدد ہوا تھا، اس پر ہمارے جذبات بہت ہائی تھے۔جب باہر آئے تو ایک صحافی جو سوشل میڈیا پر پی پی کو پروموٹ کرتے رہتے ہیں اسمبلی میں نظر بھی نہیں آتے، انہوں نے ایک ایسا سوال کیا جو ایک الزام تھا سوال نہیں تھا۔

میں صحافیوں کی عزت کرتا ہوں، کسی صحافی کو غلط نہیں کہا، اگر پھر بھی کسی صحافی یا صحافتی تنظیم کی دل ازاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی تنظیم کے دوست بھی ایسے صحافیوں کو دیکھیں جو سیاسی بن جاتے ہیں۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ میرے جذباتی ہونے پر میں کراچی پریس کلب سمیت تمام صحافیوں سے معذرت خواہ ہوں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں