مجھے پیپلز پارٹی والوں نے یرغمال بنایا ہوا تھا اور مجھ پر ظلم ہوا ہے، کریم بخش گبول

کریم بخش گبول کو لے جانے کی کوشش پر پیپلزپارٹی ارکان سمجھے کہ زبردستی کی جارہی ہے ، ناصر حسین شاہ

منگل 2 مارچ 2021 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی خرم شیر زمان اور راجہ اظہر ناراض رکن پی ٹی آئی کریم بخش گبول کو گاڑی میں ساتھ لے گئے اس سے قبل کریم بخش گبول نے ایوان میں کہاکہ مجھے پیپلز پارٹی والوں نے یرغمال بنایا ہوا تھا اور مجھ پر ظلم ہوا ہے،وہ ایوان سے نکلنے کے بعد بھاگتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ سندھ اسمبلی سے روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس دوران جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے دیگر ارکان کی اسمبلی کے سیکیورٹی گارڈز سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کریم بخش گبول کو لے جانے کی کوشش پر پیپلزپارٹی ارکان سمجھے کہ زبردستی کی جارہی ہے لیکن جب کریم بخش گبول نے کہا کہ وہ خود تحریک انصاف والوں کے ساتھ جانا چاہتے ہیں تو پی پی ارکان پیچھے ہٹ گئے۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی کے رکن کریم بخش گبول نے ایک ویڈیو بیان میں سینیٹ انتخابات میں پیسے دیکر ٹکٹ خریدنے والوں کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں