شیخ الاسلام نے لاکھوں دلوں میں عشق مصطفیﷺ کی حرارت پیدا کی ،ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

بدھ 3 مارچ 2021 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2021ء) عالم اسلام کے عظیم مفکر،مایہ ناز اسکالر،قائد انقلاب،سفیر امن،عظیم مصنف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پران کی علمی،دینی،سیاسی،سماجی،مذہبی،قانونی ،تجدیدی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منہاج یوتھ لیگ کراچی کے زیر اہتمام علم تحقیق اور تجدید کا عہد بے مثال کانفرنس عسکری پارک پرانی سبزی منڈی میں ہوئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن انٹر نیشنل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا امن عالم اور بین المذاہب رواداری کیلئے شیخ الاسلام کی کاوشیں عہد ساز ہیں۔

شیخ الاسلام نے لاکھوں دلوں میں عشق مصطفیﷺ کی حرارت پیدا کی۔پاکستان سمیت دنیا بھر سے جہالت کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری نے ہزاروں اسکولز،کالجز ،یونی ورسٹیز سمیت عوامی تعلیمی ادارے قائم کئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کا پر امن تشخص دنیا بھر نمایاں کیا اور علم کو نئے جہان تحقیق سے روشناس کرایا۔ملک میں نظام کی تبدیلی کیلئے کاوشیں اور کرپٹ نظام کو بے نقاب کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری نے بنیادی کردار ادا کیااور قوم کو ان کے حقوق کی بیداری شعور کیلئے پورا آئین سمجھایا ۔

انھوں نے کہا شیخ الاسلام نے اس وقت پوری دنیا میں اسلام کا مقدمہ لڑا جب عالم مغرب مسلمانوں کے خلاف صف آرا تھا اور مسلمانوں اور اسلام کو انتہا پسند قرار دے کر نفرت کا نشانہ بنایا ہو اتھا اس وقت شیخ الاسلام نے دہشت گردی کے خلاف فتوی دے کر اسلام کا اصل چہرہ اہل مغرب کے سامنے پیش کیا ۔انھوں نے کہا جب اہل مغرب نے نعوذ باللہ تاجدار کائنات ﷺ کی شان میں گستاخی کی کوشش کی اس وقت شیخ الاسلام نے اقوام متحدہ ،او آئی سی سمیت دنیا بھر کے ملکوں کے صدور وزراء اعظم وزراء خارجہ کو خطوط لکھے کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں بلکہ جرم ہے۔

انھوں نے کہا شیخ الاسلام کی دین اسلام کیلئے امن و محبت رواداری ،بھائی چارے کیلئے کی گئی کاوشوں پر ہم انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔شیخ الاسلام جیسی شخصیات خوش نصیب اقوام کو صدیوں بعد نصیب ہوتی ہیں ۔کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔کانفرنس میں مختلف سیاسی سماجی جماعتوں کے قائدین علمی شخصیات اور اقلیتی برادری کے لوگوں نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں