حق دو کراچی ریلی ، 14مارچ کو قائد آباد تا گورنر ہائوس تک ہو گی ، حافظ نعیم الرحمن

کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ، کارکنان اور ذمہ داران بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کریں ، امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 4 مارچ 2021 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں جمعرات کے روز امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں جاری ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کے سلسلے میں اتوار 14مارچ کو شاہراہ فیصل پر قائد آباد تا گورنر ہائوس ہونے والی ’’حقوق کراچی ریلی‘‘ کے حوالے سے اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے اور ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایات جاری کی گئیں کہ ریلی کو بھر پور ‘ کامیاب اور اہل کراچی کی بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات اور تیاریاں کی جائیں ۔

تاجر و صنعتکاروں ، علماء کرام ، وکلاء برادری ، ڈاکٹرز ، انجینئرز، اساتذہ کرام ، طلبہ ، مزدوروں اور محنت کشوں سمیت ہر طبقے اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے رابطے کیے جائیں اور رہائشی علاقوں ، گلی ، محلے ، مساجد ، مارکیٹوں ، بازاروں میں عوام سے بڑے پیمانے پر رابطہ کیا جائے گااور ان کو ’’حق دو کراچی ریلی ‘‘ میں شرکت کی دعوت دی جائے ، اجلاس میں ریلی کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عزم کیا گیا کہ حقوق کراچی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا اور کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل تک جدو جہد جاری رکھی جائے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی یہ جدو جہد اور تحریک عوام کے دل کی آواز ہے ۔ عوام میں تحریک کو مسلسل پذیرائی مل رہی ہے ، حق دو کراچی ریلی تحریک کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔

پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ حکمران پارٹیوں نے کراچی سے ووٹ لیے اور اقتدار اور وزارتیں تو حاصل کیں لیکن عوام کو شدید مایوس کیا اور اہل کراچی کے مسائل آج بھی جوں کے توں موجود ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو ہر گز مایوس نہیں کرے گی ۔ حقوق کراچی تحریک کے مطالبات تین کروڑ سے زائد عوام کے مسائل کی ضمانت ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے تین کروڑ عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق دینے اور شہر کے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے کراچی میں دو بارہ مردم شماری کرائی جائے، کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، کراچی کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں ان کا حق دیا جائے، ان کو سندھ حکومت اور مقامی اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی جائیں، کراچی میں با اختیار شہری حکومت کے لیے موجودہ لوکل باڈی ایکٹ ختم کر کے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے، کے الیکٹرک کا 15سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور قومی اداروں اور عوام کے اربوں روپے واپس کروائے جائیں،پورے ملک کی صنعتوں میں سب سے بڑا کردار ادا کرنے والے کراچی کے صنعتی علاقوں کی حالت ِ زار درست اور بنیادی سہولتیں دی جائیں ۔

،سی این جی اسٹیشنز اور گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،گرین لائین سسٹم کو فی الفور فعال بناتے ہوئے شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے کم از کم 1ہزار بسیں فوری طور چلائی جائیں،تعلیم،صحت، پانی،سیوریج،اسپورٹس اور سالڈ ویسٹ کا مربوط اور مؤثر نظام بنایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں