تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے 26 خواتین کرکٹرز 17 اپریل سے کراچی پہنچیں گی

جمعہ 16 اپریل 2021 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان اکیڈمی میں شیڈول تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے چھبیس خواتین کرکٹرز 17 اپریل سے کراچی پہنچیں گی، جہاں وہ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں سات روزہ قرنطینہ کے بعد 24 اپریل سے ٹریننگ کا آغاز کردیں گی۔ اسکلز اور فٹنس میں بہتری لانیکی غرض سے لگائے جانے والے اس کیمپ کی نگرانی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کریں گے، وہ فی الحال ایمرجنگ خواتین کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔

پی سی بی کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کیمپ کے تمام شرکا کو بائیو سیکور ببل میں داخلے کے لیے دو منفی ٹیسٹ درکار ہوں گے ۔ پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ ان کی اپنی رہائشگاہ جبکہ دوسرا 17 اپریل کو ان کی کراچی پر آمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کیمپ کے شرکا کا تیسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ سات روزہ قرنطینہ کے اختتام پر کیا جائے گا۔ کیمپ میں شریک تمام خواتین کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف مقامی ہوٹل میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل میں قیام کریں گے۔

پندرہ روزہ کیمپ کا اختتام 8 مئی بروز ہفتہ کو ہو گا ۔ ڈیوڈ ہیمپ کے علاوہ کیمپ میں شریک دیگر اسپورٹ اسٹاف میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ ارشد خان ، اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈریکس سائمن اور اسسٹنٹ کوچ کامران حسین شامل ہیں۔کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خاص توجہ دی جائے گی، اس دوران خواتین کرکٹرز پچاس ، بیس اور دس اوورز پر مشتمل مختلف انٹرا اسکواڈ سینیرئیو میچز بھی کھیلیں گی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ کیمپ کا انعقاد مستقبل قریب میں خواتین کرکٹ کی بین الاقوامی اسائنمنٹ کی تیاریوں کی غرض سے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ سے خواتین کھلاڑیوں کو اپنے کھیل میں نکھار کا بھی موقع ملے گا۔عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ 12 ماہ کے لیے اپنے فیوچر ٹور پروگرامز کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ایمرجنگ کیمپ فی الحال کراچی میں جاری ہے، جو ہمیں نوجوان اور باصلاحیت ٹیلنٹ کی تلاش میں معاونت فراہم کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم نے خواتین کھلاڑیوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، پرامید ہیں کہ ویمنز کرکٹرز دونوں کیمپ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے عدم دستیاب بسمہ معروف نے غیرمعینہ مدت تک کے لیے کھیل سے بریک لے لی ہے ، لہذا وہ اس کیمپ میں بھی شرکت نہیں کریں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں