میٹرک بورڈ کراچی نے تخفیف شدہ نصاب کے مطابق ماڈل پیپرزکا اجرا کر دیا ہے، چیئرمین بورڈپروفیسر سید شرف علی شاہ

تخفیف شدہ نصاب کے مطابق ماڈل پیپرز کا اطلاق صرف سالانہ امتحانات 2021 کیلئے ہے جس کا دورانیہ دو گھنٹے ہوگا

جمعہ 16 اپریل 2021 23:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی پروفیسر سید شرف علی شاہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ مسز حور مظہر نے طلبا و طالبات و اساتذہ کی رہنمائی کے پیش نظر سالانہ امتحانات برائے سال 2021 کیلئے حکومت سندھ، ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں تخفیف شدہ نصاب کے مطابق پہلے مرحلے میں نویں و دسویں جماعت (سائنس گروپ) کے ماڈل پیپرز کا اجرا کر دیا ہے۔

نویں جماعت (سائنس گروپ) کے ماڈل پیپرز نئی اسکیم آف اسٹیڈیز کے تحت تیار کئے گئے ہیں۔ نویں جماعت سائنس گروپ میں انگریزی پرچہ اول، اردو نارمل کورس(لازمی)، اسلامیات لازمی، اخلاقیات (غیر مسلم طلبہ کیلئی) علم کیمیا (نظری و عملی)، کمپیوٹر اسٹیڈیز (نظری و عملی)،حیاتیات (نظری و عملی)، طبیعات (نظری و عملی)، سندھی نارمل کورس (سندھی میڈیم طلبا کیلئی)، ریاضی، جغرافیہ آف پاکستان پرچہ اول (غیر ملکی طلبا کیلئی)،انگریزی ادب (لازمی)، دسویں جماعت (سائنس گروپ) کے ماڈل پیپرز پرانی اسکیم آف اسٹیڈیز کے تحت تیار کئے گئے ہیں ان کا بھی دورانیہ دو گھنٹے ہو گا۔

(جاری ہے)

ان میں انگریزی پرچہ دوم، اردو نارمل کورس (لازمی)، اسلامیات (لازمی)،اخلاقیات (غیر مسلم طلبہ کیلئی)، طبیعات (نظری و عملی)، ریاضی، اردو سلیس (آسان اردو) سندھی میڈیم طلبا کیلئے، جغرافیہ آف پاکستان پرچہ دوم (غیر ملکی طلبہ کیلئی)، جنرل گروپ (نویں و دسویں) کے ماڈل پیپرز بھی تیاری کے مرحلے میں ہیں جو جلد جاری کر دیئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ مسز حور مظہر کے مطابق سالانہ امتحانات برائے 2021 حکومت سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں تخفیف شدہ نصاب کے مطابق ماڈل پیپرز میں 50 فیصد MCQ's (کثیر الانتخابی سوالات)، 30فیصد مختصر جواب کے سوالات اور 20 فیصد بیانیہ جواب کے سوالات پر مشتمل ہو گا۔

طلبا و طالبات یہ ماڈل پیپرز ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk سے ڈان لوڈ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں