حضرت خدیجة الکبریٰ ؓ کی ذات ایثار و قربانی اور مال و دولت سے بے نیازی کا مظہر تھی ، دردانہ صدیقی

آپ ؓکی حیات مسلم خواتین کے لیے ایک مظال اور قابل تقلید نمونہ ہے ، حضرت خدیجہ ؓ کے یوم وفات اور یوم باب الاسلام پر بیان

جمعرات 22 اپریل 2021 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2021ء) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 10 رمضان المبارک کو یوم وفات حضرت خدیجةالکبریٰ اور یوم باب الاسلام کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حضرت خدیجہ ؓ کی ذات جذبہ ایثار و قربانی اور مال و دولت سے بے نیازی کا مظہر تھی۔انہوں نے دل و جان سے اپنے آپ کو اور اپنی تمام دولت کو اسلام کے لیے وقف کر دیا تھا۔

وہ ہر مشکل و آزمائش میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دیتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت بھی تاریخ کا حصہ ہے کہ نزول وحی کے سب سے پہلے مرحلے سے لے کر آخری سانس تک خدیجہ ؓ نے رسالت و نبوت کی نہ صرف دل و جان سے تصدیق کی بلکہ اس کی نشر و اشاعت اور توسیع کے لئے بھی ہر مرحلے پر ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

حضرت خدیجہ ؓ اپنی دولت، اثر و رسوخ اور فہم و فراست سے کام لے کر مکی دور میں ہر نازک موقع پر اسلام کے لئے ڈھال بنیں ۔

حضرت خدیجہ الکبری کی حیات پاک مسلم خواتین کے لیے ایک مثال اور قابل تقلید نمونہ ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ یوم باب الاسلام برصغیر میں اسلام کی آمد اور اشاعت دین کا ایک تاریخ ساز باب ہے۔ یہ اس خطے میں اسلام اور مسلمانوں کی آمد، ان کی تاریخ ساز فتح اور اس خطے کو اسلام کے نور سے منور کرنے کا وہ یادگار دن ہے جو درحقیقت ہمارے لئے دین پر استقامت، اسلام اور اسلامی شعار پر عمل، عزم نو اور تجدید عہد کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو محمد بن قاسم کو اپنا آئیڈیل بنانا چاہیے جنہوں نے سندھ کی مظلوم بیٹی کی پکار پر لبیک کہا اور یہ خطہ اسلام کی روشنی سے منور ہوا۔ محمد بن قاسم نے یہاں جس نظام کی بنیاد رکھی اس کی بنیاد عدل، رواداری، تحمل، حاکمیت الہی اور معاشرتی فلاح تھی۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج پھر دنیا بھر میں ظلم و ستم کا راج ہے۔امریکی، اسرائیلی اور بھارتی پنجہ استبداد نے مسلم بچیوں اور عورتوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے دنیا بھر کے مظلوم مسلمان پھر کسی محمد بن قاسم کے منتظر ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران اور نوجوان محمد بن قاسم کی کی سیرت کو اپنائیں تاکہ دنیا سے ظلم اور جبر کا خاتمہ ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں