حافظ نعیم الرحمن سے آل پیٹل ایونیو کے متاثرہ الاٹیز کی ملاقات ،ْ مسائل سے آگاہ کیا

متعلقہ بلڈرز متاثرہ الاٹیز کا مسئلہ فور طور پر حل کرے ،ْ حافظ نعیم الرحمن کی وفد سے گفتگو بلڈر خورشید عالم نے مکانات کی پزیشن نہیں دی ،مالکان کے خلاف شکایات کرنے پر دھمکیاں دی جارہی ہیں ،ْ وفد کی گفتگو

پیر 14 جون 2021 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ متعلقہ بلڈر آل پیٹل ایونیو کے متاثرہ الاٹیز کا مسئلہ فور طور پر حل کرے ،جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ ہے ،مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن جمہوری اور قانونی جدوجہد کریں گے ۔شہر میں بلڈر مافیا کی حکومتی سرپرستی کی جارہی ہے ، عوام اپنی جمع پونجی لگادیتے ہیں لیکن بدلے میں انہیں سوائے دھوکے کے کچھ نہیں ملتا،ہم حکومت میں نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود متاثرین کے حق اور انصاف کے حصول کے لیے ان کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے ۔

متاثرین جماعت اسلامی کا دست و بازو اور ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کا حصہ بنیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں آل پیٹل ایونیو کے متاثرہ الاٹیز کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت ارسلان اور احسن ضمیر نے کی۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری نجیب ایوبی ،امیر ضلع ایئرپورٹ توفیق الدین صدیقی ،سکریٹری ضلع کریم بخش ودیگر بھی موجود تھے ۔

متاثرین میں خواتین ، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے ۔متاثرین نے بتایا کہ بلڈر خورشید عالم نے پزیشن نہیں دی ، اکثر مکانات کی فائلز کی ڈبلنگ کر کے فروخت کیے گئے ،مالکان کے خلاف شکایات کرنے پر دھمکیاں دی جارہی ہیں اور متاثرین پر جھوٹے مقدمات بنانے کی بات کی جارہی ہے اور کہاجارہا ہے کہ بلڈر کے خلاف عدالت نہ جائیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ متاثرین الاٹیز کا دفتر جماعت اسلامی آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں ، ادارہ نورحق کراچی کے شہریوں کا دفتر ہے ، شہری جب چاہیں ادارہ نورحق آسکتے ہیں ،ہم نے پہلے بھی کراچی کے عوام کے مسائل حل کروائے ہیں ،بحریہ ٹاؤن کا مسئلہ ہو یا مہران ٹاؤن کا ہم نے شہریوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کی اور مسائل حل کروائے اور آج بھی ہم شہریوں کے درمیان موجود ہیں ۔

توفیق الدین صدیقی نے کہاکہ آل پیٹل ایونیو کے متاثرین کا تعلق غریب اور متوسط گھرانوں سے ہے ،انہوں نے زندگی بھر کی کمائی اور جمع پونجی پیٹل ایونیو میں لگادی ۔ ہم بلڈر سے کہتے ہیں کہ وہ فوری طور پر متاثرین پیٹل ایونیو کو قبضہ فراہم کرے ورنہ ہم آئینی ،جمہوری اور قانونی طریقے سے ان کا حق دلوائیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں