مون سون بارشیں:انتظامیہ نالوں کی صفائی میں ناکام ،ْحافظ نعیم الرحمن

گزشتہ سال بارشوں سے ہونے والے نقصانا ت کی تلافی تمام تر دعوئوں کے باجوداب تک نہیں کی جاسکی ہے ،ْندی نالوں کی صفائی کا انتظام کیا جائے حکمران جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اور مون سون بارشوں سے قبل ندی نالوں کی صفائی کے انتظامات کو ممکن بنائیں

منگل 15 جون 2021 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کی بارش کی پیش گوئی کے باوجود شہر میں اب تک ندی برساتی نالوں کی مکمل صفائی کے انتظامات نہ کرنے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود ندی نالوں کی صفائی نہ مکمل ہونا صوبائی حکومت کی واضح نااہلی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کی بارشوں سے ہونے والے نقصانا ت کی تلافی اب تک نہیں کی جاسکی ہے کراچی میں چھ جولائی سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے لیکن ہر سال کی طرح اس سال بھی مون سون موسم میں ابھی تک ندی نالے صاف نہ ہو سکے جس کے باعث ابر رحمت شہریوں کے لئے زحمت بننے کا خطرہ ہے ،محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کی اطلاع کے باوجود سندھ حکومت اور کے ایم سی کی جانب سے نالوں کی صفائی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کے بجائے صرف زبانی جمع خرچ اور دعوے کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ہونے والی بارشوں کے بعد تینوں حکومتی جماعتوں نے مشترکہ اجلاس میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ ٴ خیال کیا تھا اور آئندہ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کافیصلہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود گزشتہ بارشوں سے پیدا ہونے والے مسائل تاحال اب تک حل نہیں ہوسکے ہیں ،، پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی تینوں حکومتی جماعتوں نے مل کر کراچی شہر کو تباہ کردیا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حکمران جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اور مون سون بارشوں سے قبل ندی نالوں کی مکمل صفائی کے انتظامات کو ممکن بنائیں تاکہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی شہری نقصان سے بچ سکیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں