واٹر بورڈ یونائیٹڈ ورکرز یونین کا ملازمین کے مطالبات کے حق میں حب پمپنگ اسٹیشن پر احتجاج اور دھرنا

آمدنی کا 30 فیصد حصہ ملازمین کے واجبات، فنڈ وغیرہ کی ادائیگی پر خرچ کیا جائے، مظاہرین

بدھ 23 جون 2021 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ یونائیٹڈ ورکرز یونین کی جانب سے فوتگی کوٹے کے اپائنٹمنٹ آرڈر کے فوری اجراء، سن کوٹے، میڈیکل کی بحالی، حاضر سروس ملازمین کے فنڈ کی ادائیگی، ریٹائرملازمین کے واجبات، سینیارٹی اور تعلیمی قابلیت کے مطابق ڈویژن / سرکل کی بنیاد پر پروموشنز، ایڈہاک ملازمین کی بحالی، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ادائیگی کے سلسلے میں حب پمپنگ اسٹیشن پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حب پمپنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر دھرنا دیا اور مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونین کے صدر پنھل مگسی،جنرل سیکریٹری اکرام خان،چیف آرگنائز اکبر معید یوسفی،مرکزی چن زیب،ناظم خان، ارشد اعوان، کامریڈ امرجلیل مگسی، شیدو جوکھیو اور فرحان احمد نے کہا کہ یونائیٹڈ ورکرز یونین نے ملازمین کو حقوق و مراعات دلوانے کا عزم کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وعدے کے مطابق آمدنی کا 30 فیصد حصہ ملازمین کے واجبات، فنڈ وغیرہ کی ادائیگی پر خرچ کیا جائے۔

بوگس اسپتالوں اور میڈیکل اسٹوروں کی جگہ اچھے اسپتالوں اور اسٹورز کو پینل پر لیا جائے۔ حاضر سروس ملازمین کو فنڈ کی ادائیگی کی جائے، فوتگی کوٹے پر فوری اپائنٹمنٹ کیا جائے۔ ایڈہاک ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس ادا کیا جائے، یوٹیلٹی الاؤنس ملازمین کو دیا جائے، سن کوٹے پر بھرتی کی جائے اور سینیارٹی اور تعلیمی قابلیت پر ڈویژن سرکل کی سطح پر پروموشنز دیئے جائیں۔

ادارے میں فوری طور پر یہ ریفرنڈم کروایا جائے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔دریں اثناء یونائیٹڈ ورکرز یونین کے قائدین پنھل مگسی، اکرام خان، اکبر معید یوسفی، چن زیب، ناظم خان، عبدالحکیم کلیری اور دیگر نے ایگزیکٹو انجینئر ای اینڈ ایم ویسٹ، سینٹرل، سید مظہر حسین کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔نماز جنازہ میں صدر پنھل مگسی،جنرل سیکریٹری اکرام خان اوروحیدبلوچ نے شرکت کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں