سندھ حکومت کا نبیسر سے وجیہر تک 61 کلو میٹر پائپ لائن کے ذریعے 45 کیوسک پانی کی فراہمی کیلئے کویتی کمپنی کے ساتھ30.1 ارب لاگت کا 25 سالہ مراعاتی معاہدہ

جمعرات 24 جون 2021 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2021ء) سندھ حکومت نے نبیسر سے وجیہر تک 61 کلو میٹر پائپ لائن کے ذریعے 45 کیوسک پانی کی فراہمی کیلئے کویتی حکومت کی کمپنی انر ٹیک ہولڈنگ کے ساتھ30.1 ارب روپے یعنی 190 ملین ڈالرز کا 25 سالہ مراعاتی معاہدے پر دستخط کیے۔دستخطی تقریب میں کویت کے قونصل جنرل سلیم یوسف الحمدان ، سی ای او انرٹیک واٹر یاسر ملک ، سی او او عثمان احسن ، ایم ڈی پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی نے شرکت کی جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیر توانائی امتیاز شیخ ، وزیر آبپاشی سہیل انور سیال ، وزیر بلدیات ناصر شاہ موجود تھے۔

دستخطی تقریب میں کویت کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری برائے امور خارجہ عبد اللہ الترکی ، کویت کے سفیر عبد الرحمن جے المطئری ، کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر اور سی ای او انرٹیک ہولڈنگ کمپنی کویت عبد اللہ المطئری نے بطور گواہ ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انر ٹیک ہولڈنگ کمپنی نے سندھ حکومت کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے اور انہیں تھر کی بجلی کے منصوبوں کو پانی کی فراہمی کیلئے نبیسر تا وجیہر واٹر سپلائی منصوبہ تیار کرنے کیلئے لیٹر آف انٹریسٹ (ایل او آئی) سے نوازا گیا جو پاکستان کیلئے اسٹریٹجک منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ کوئلہ پر مبنی بجلی کے شعبے کیلئے صنعتی پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا اور بجلی کے بنیادی اسٹرکچر کے منصوبے کی ترقی کیلئے یہ اہم ہے اور مزید کہا کہ اس منصوبے کو فرسٹ ٹریک کی بنیاد پر مکمل کرنے کا ارادہ کیا گیاہے اور انرٹیک نے ریکارڈ وقت میں اس پروجیکٹ کو تیار کیا ہے اور مالی سال کے 12 ماہ کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا۔انر ٹیک کے سی ای او یاسر ملک نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ مالی کلاز جولائی 2021 میں متوقع ہیں اور اسی ماہ جولائی میں اسکی تعمیر شروع کردی جائے گی۔

حکومت سندھ کی جانب سے سیکریٹری آبپاشی سلیم کھڑواور سی ای او انرٹیک واٹر کمپنی یاسر ملک نے مراعاتی معاہدے پر دستخط کیے۔انرٹیک ہولڈنگ کمپنی ،نیشنل ٹیکنالوجی انٹرپرائزز کمپنی (این ٹی ای سی) کے مکمل ماتحت ادارہ ہے اور اس کے نتیجے میں کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی (کے آئی ای) کویت حکومت کے خودمختار مالی فنڈ کیتحت ادارہ ہے۔25 سالہ مراعاتی معاہدہ وجیہر کو 61 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے نبیسر سے 45 کیوسک پانی کی پروسیسنگ اور فراہمی سے متعلق ہے۔

اس منصوبے میں نبیسر اور وجیہر میں آبی ذخائر کی تعمیر بھی شامل ہے جس میں پانی کے ذخیرہ کو یقینی بنانا شامل ہے اور اس کے ذریعے 175 دن کی مجموعی عرصے تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔پراجیکٹ کو فاسٹ ٹریک بنیاد پر انر ٹیک ہولڈنگ کمپنی اور حکومت سندھ نے بارہ ماہ کے عرصے میں تیار کیا ہے۔پروجیکٹ کی تیزرفتاری سے متعلق ٹائم لائن انرٹیک ہولڈنگ کمپنی کے اہم انفراسٹرکچر پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے جو حکمت عملی کے لحاظ سے اہم سمجھے جاتے ہیں۔

انر ٹیک ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹوافسر عبد اللہ المطیری نے کہا کہ یہ انرٹیک کیلئے ایک اسٹریٹجک پروجیکٹ ہے جسکو سندھ حکومت کے ساتھ پارٹنرشپ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ کورونا وائرس وبائی مرض کے دوران فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر ایک پائیدار اور اہم پروجیکٹ تیار کیا گیا ہے۔اور مزید کہا کہ انرٹیک کی پاکستان میں انفرااسٹرکچر منصوبے میں صلاحیتوں کے حوالے سے یہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں