بلدیہ ملیر،آئندہ مالی سال کیلئے 6ارب66کروڑ سے زائدکا بجٹ منظور،ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 1ارب 12 کروڑ سے زائد رقم مختص

جمعہ 25 جون 2021 18:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2021ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عالیہ ملیر زین العابدین میرانی نے میونسپل کمشنر ریارض احمد کھتری کے ہمراہ مرکزی دفتر بلدیہ ملیر میں بجٹ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے منصب سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے بلدیہ ملیر کی آمدن واخراجات میں توازن قائم کرنے کیلئے مربوط منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ،اِس ضمن میں ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو مربوط کرنے کیلئیECR(اسٹیبلشمنٹ چیک رجسٹر)میں ملازمین کی تنخواہوں کی تمام تر تفصیلات کا اندراج کرنے کا طریقہ ِ کار وضع کیا ۔

ہم نے بلدیہ ملیر کے مختلف شعبہ جات میں اپنے کارِ منصبی انجام دیتے ہوئے عوامی خدمت کا فریضہ انجام دینے والے ریٹائر ملازمین کے بقایات کی ادائیگی کو یقینی بنایا ۔

(جاری ہے)

بلدیہ ملیر میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ملازمت سے ریٹائر ہونے والے ملازمین اوردورانِ ملازمت انتقال کر جانے والے ملازمین کے لواحقین کو3,00,90,696/- روپے (تین کروڑ نوّے ہزار چھ سو چھاینوے روپی)کے بقایاجات ادا کئے گئے ۔

ہم نے بلدیہ ملیرکی آمدنی میں اضافے کیلئے شفافیت کی مثال قائم کرتے ہوئے بھینس کالونی مویشی منڈی اور آسو گوٹھ مویشی منڈی سے مویشیوں پر فیس وصولی کی کھلی نیلامی کے ذریعے مجموعی طور پر6,55,49,802/-روپے (چھ کروڑ پچپن لاکھ اننچاس ہزار آٹھ سو دو روپے ) میں ٹھیکے پر دیں۔ مالی سال2021-22کے بجٹ میں عوام کو روزمرّہ درپیش بلدیاتی مسائل کا ادراک رکھتے ہوئے افسران اور منتخب اراکین اسمبلیز کی تجاویز اور سفارشات کو بجٹ دستاویز کا حصہ بناتے ہوئے عوامی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ترجیحات کا تعین کرکے قلیل مدتی،وسط مدتی اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل رکھی گئی ہے۔

آئندہ مالی سال2021-22کیلئے بلدیہ ملیر کی آمدن کا تخمینہ6ارب66کروڑ 42لاکھ39ہزار42روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ2ارب66کروڑ30لاکھ50ہزار روپے لگایا گیا ہے،ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 1ارب 12 کروڑ سے زائد رقم مختص کی گئی ہے، اسطرح بلدیہ ملیر کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 11لاکھ89ہزار42روپے بچت کا بجٹ ہے۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر زین العابدین میرانی نے سندھ مقامی حکومت کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے بجٹ کی منظوری دی، اس موقع پر اکائونٹ آفیسر ناصر خان ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن مسرور نواز خشک، بجٹ آفیسر عدیل گوپانگ، ڈارئریکٹر ایڈورٹائزمنٹ ثنا ء اللہ اور دیگر محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں