تاجر برادری ذاتی مفادات چھوڑ کر متحد ہوجائے، اسلم آرائیں

جب تک تاجر متحد نہیں ہوں گے مسائل اور مشکلات کا شکاررہیں گے

اتوار 25 جولائی 2021 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) تاجر برادری کے وسیع تر اتحاد کے لئے کوشاں معروف تاجر رہنمامحمداسلم آرائیں نے کہاہے کہ جب تک تمام تاجر متحد نہیں ہوں گے مسائل اور مشکلات کا شکاررہیں گے، تمام تاجر تنظیمیں اور رہنماذاتی مفادات کوبالائے طاق رکھ کر ایک متفقہ پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں، یہی واحد حل ہے،ٹولیوں میں بٹ کر اجتماعی مفاد کو نقصان پہنچایاجارہاہے۔

یہ باتیں انہوں نے حکومت کی جانب سے نئی پابندیوں پر مختلف مارکیٹوں اوربازاروں کے دورے کے موقع پر تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ پچھلے دوسال سے تاجر برادری پریشان حال ہے،کوئی ریلیف نہیں دیاگیا،لاک ڈائون درلاک ڈائون نے تاجروں اور دکانداروں کی حالت ابتر کردی ہے،کاروبارمیں مندی کا رجحان ناقابل برداشت ہوچکاہے۔

(جاری ہے)

چھوٹے تاجر وں کے دیوالیہ ہونے میں کوئی کسرباقی نہیں بچی بلکہ بیشتر اپناکاروبار لپیٹ چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تجارت کے متاثرہونے سے مزدورطبقہ بھی پریشانی میں آچکاہے۔اکثر پرائیویٹ اداروں نے اپنے ملازمین کو نکال دیاہے جو اب دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں۔انہوں نے کہاکہ احتیاط سے کسی کو اعتراض نہیں لیکن کاروبار بندکروانا کوئی دانشمندی نہیں بلکہ محدود اوقات میں مارکیٹیں اور بازارکھولنے سے خریداروں کا رش بڑھنے کا خدشہ زیادہ ہے، جبکہ چوبیس گھنٹے کاروبار کھولنے سے یہ شرح نہ ہونے کے برابرہوسکتی ہے، لہٰذا دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت چوبیس گھنٹے کاروبار کھولنے کی اجازت دے۔

تاجر برادری کا کہناتھاکہ حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کے باوجود لاک ڈائون کا حکم افسوسناک ہے۔ان حالات میں کاروبار جاری رکھناناممکن ہوچکاہے، تنگ آکر کاروبار بندکردیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں