شہر کی صفائی ستھرائی کے معاملات پر سیاست کی بجائے ہر سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے رہنما اپنا اپنا عملی اور فعال کردار ادا کریں، سید ذوالفقار شاہ

کراچی میں آلائشیں اٹھانے کے آپریشن پر مامور عملے نے مسلسل 5 روز فیلڈ میں کام کیا۔ تنقید برائے تنقید کی وجہ سے ان فیلڈ ورکرز کی دل آزاری ہوئی ہے اچھے کام کے باوجود منفی پروپیگنڈہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ کوتاہیوں کی نشاندہی کی جائے، بروقت شکایات کا ازالہ ہوگا

اتوار 25 جولائی 2021 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر و بلدیاتی محنت کشوں کے ملک گیر مزدور رہنما سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی پر ہزاروں بلدیاتی ملازمین نے فیلڈ میں 5 روز کام کرتے ہوئے بوہری برادری کی ایک روز قبل منائی جانے والی عید، تین روز عیدالاضحی اور چوتھے روز اونٹ کی قربانی کی آلائشیں اور کچرے کے ڈھیروں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے باوجود ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، سماجی رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے لیڈران نے بھرپور منفی پروپیگنڈے کا شکار بنائے ہوئے چند ایک علاقوں ضلع وسطی، ضلع غربی، ضلع کورنگی کی وجہ سے بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا جس سے ان فیلڈ ورکرز کی دل آزاری ہوئی حالانکہ انہوں نے عید فیلڈ میں منائی اور اپنے خاندانوں کو بھی ناراض کیا۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود موجودہ صوبائی حکومت سے چپقلش کے باعث ملازمین کے اچھے کاموں پر بھی تنقید کی گئی حالانکہ شہر بھر میں لگائے گئے 80 کلیکشن پوائنٹس کے کیمپس میں موجود عملے نے شکایات کا بروقت ازالہ کیا۔ ملازمین کے سندھ سولڈ ویسٹ سے تحفظات کے باوجود ہڑتال سے گریز کیا اور رات دن کام کیا۔ حالانکہ بلدیاتی ملازمین کے ہردلعزیز مزدور رہنما ملک نواز علیل تھے اور عید کے تیسرے علی الصبح انتقال کرگئے اس کے باوجود ان کی میت کو صبح سورے ان کے آبائی گائوں روانہ کرکے سوگ کا ماحول ہونے کے باوجود کام جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ عملے کی کوتاہیوں اور جن علاقوں میں کام میں سستی ہوئی ہے اس کی نشاندہی کی جاتی لیکن پورے شہر کو گندہ قرار دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اب بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور شکایات کا ازالہ کررہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں