ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ وارڈ میں کام کرنیوالے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو کوویڈ الائونس اور اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

پیر 26 جولائی 2021 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ وارڈ میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق کوویڈ الائونس اور ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف محنت ،تندہی اور یکسوئی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے سکیں، اس بات کا فیصلہ پیر کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر ندیم راجپوت جو ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی شہید اسپتال اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں انہیں فوری طور پر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز تعینات کیا جائے اور وہاں سے ڈاکٹر مسعود حسن کو ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی شہید اسپتال تعینات کیا جائے تاکہ عباسی شہید اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے اسپتال میں مسلسل کورونا وائرس سے متاثرہ مریض لائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیر کے روز 21 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض عباسی شہید اسپتال لائے گئے جن میں سے 6 مریضوں کی حالت بہتر نہیں ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی مفت کئے جا رہے ہیں اور پیر کے روز 50 سے زائد شہریوں کے کوویڈٹیسٹ کئے گئے جن کی رپورٹ آنے کے بعد ہی اندازہ ہوسکے گا کہ صورتحال کیا رخ اختیار کر رہی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہری فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، سماجی میل جول میں فاصلہ رکھیں ماسک کا استعمال کریں اور چھپ کر تقریبات میں جانے یا منعقد کرنے سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ ہم حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں مزید وارڈ کا اضافہ کرکے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو داخل کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سرکاری اسپتال غریب اور متوسط طبقے کی آخری امید ہوتے ہیں جہاں وہ علاج کی غرض سے رجو ع کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے تین بڑے اسپتال اس حوالے سے شدید پریشر کا شکار ہیں اور وہاں مریضوں کے داخلے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے، اس لئے عباسی شہید اسپتال کے کورونا وارڈ کو قومی جذبے اور شہریوں کی خدمت کے پیش نظر فعال کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرسکیں، انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے جب ہم اس شہر کے لوگوں کے لئے کچھ کرسکتے ہیں انہیں میڈیکل کی سہولیات فراہم کرسکتے ہیں تاکہ کراچی کے تیسرے بڑے سرکاری اسپتال کے مقاصد پورے ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کراچی کی ایک بڑی آبادی کو کور کرتا ہے اور یہاں ایمرجنسی اور ٹراما وارڈ 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر کورونا وارڈ میں مریضوں کے داخل ہونے سے ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگا لیکن جو لوگ اس اہم موقع پر خدمات فراہم کریں گے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں