عید قرباں کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود بھی شہر کے بیشتر مقامات سے آلائشیں اور کچرا اٹھانے کا کام مکمل نہیں کیا گیا،طاہرملک

منگل 27 جولائی 2021 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ عید قرباں کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود بھی شہر کے بیشتر مقامات سے آلائشیں اور کچرا اٹھانے کا کام مکمل نہیں کیا گیا۔ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ہونے کی وجہ سے مختلف رہائشی علاقوں میں شدید تعفن پھیلا ہوا ہے۔

پارٹی دفتر سے جاری اپنے بیان میں طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کا ادارہ سفید ہاتھی کی شکل اختیار کر چکاہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ اور بلدیاتی اداروں کوکروڑوں روپے کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود شہر سے کچرا اور آلائشیں نہ اٹھانا تشویشناک ہے۔ سندھ کے وزیر بلدیات نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھی ہوئی ہے، انہیں شہر کی ابتر صورتحال دکھائی نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے بجائے صوبائی وزراء اور سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈجیسے اداروں کے افسران کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور جانوروں کی آلائشیں نہ اٹھانے کے سبب موذی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔ طاہر ملک نے مزید کہا کہ مون سون کے ممکنہ اسپیل سے پہلے اگر شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مکمل نہ کیا گیا تو پورا شہر بارشوں کے دوران گندگی کا ڈھیر بن جائے گا۔ وزیر بلدیات، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی حوش کے ناخن لیں اور شہر کو ممکنہ بارشوں سے قبل صاف کرنے لئے فوری اقدامات کریں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں