حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ اسلامی تاریخ کے مظلوم ترین شہید ہیں، مولانا محمد یوسف سلفی

حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا باغیوں سے مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ عدم استقامت کی بناء پر نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر تھا

منگل 27 جولائی 2021 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) جمعیت اہلحدیث پاکستان سندھ کے زیر اہتمام حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی یوم شہادت کے موقع پر مرکز اہلحدیث میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس کا عنوان تھا "اسلامی تاریخ کا مظلوم شہید کون "جس سے جمعیت اہلحدیث پاکستان چیف آرگنائزر مولانا محمد یوسف سلفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ اسلامی تاریخ کے مظلوم ترین شہید ہیں اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان دس صحابہ اکرام میں میں شامل ہیں جنہیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا میں جنت کی بشارت دی تھی اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ وہ خوش نصیب صحابی رسول بھی ہیں جن کے نکاح میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دو بیٹیاں آئی تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو شہید کر کے وقت کے میر جعفروں نے اسلام کے مضبوط قلعے میں ایک ایک ایسا رخنہ ڈالا ہے جو قیامت تک بند نہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

قر آن و سنہ موومنٹ پاکستان سندھ کے چیئرمین مولانا اختر محمدی نے کہا کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا باغیوں سے مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ عدم استقامت کی بناء پر نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر تھا ۔

سیدنا عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی فطری محاسن ، تحمل ، بردباری ، سخاوت، رحم دلی ، حیاء اور خاندانی شرافت و نجابت کے لحاظ سے صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ میں ایک نمایاں مقام کے حامل ہیں ۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے روشن کارنامے رہتی دنیا تک تاریخ کے افق پر جگمگاتے رہیں گے ۔ اہلحدیث یوتھ فورس کے ناظم حافظ محمد حنیف سلفی نے کہا کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اہم کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے مفتوحہ ممالک میں حکومت و سلطنت کی بنیاد مستحکم کی اور مفتوحہ اقوام کے جذبہ خود سری کو رفتہ رفتہ اپنے اپنے حسن تدبر اور حسن عمل سے اس طرح ختم کر دیا کہ مسلمانوں کے باہمی کشمکش کے مواقع پر بھی انہیں سرتابی کی ہمت نہ ہوئی۔

جمعیت طلباء اہلحدیث کے ناظم مولانا معاویہ سلیم نے کہا کہ خلیفہ سوئم حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نیک سیرت ، بے حد نر م دل، بے پناہ معاف کرنے والے اور اسلام و مسلمانوں پر اپنی دولت نچھاور کرنے والے خلافت راشدہ کے تیسرے ستون تھے ۔ سیمینار میں ایک قرارداد کے ذریعے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اسلام و مسلمانوں کے لئے خدمات کو بے مثال قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی سیرت و کردار کو عملی طور پر اپنانے کے لئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے کردار و قربانیوں پر مبنی تعلیم مضامین مرتب کر کے تعلیمی اداروں میں نصاب کا حصہ بنایا جائے ۔

سیمینار سے محمد جمیل یزدانی، محمد زاہد سلفی، رضوان خان، حافظ ابو بکر، قاری عبد الرزاق و دیگر علمائے اکرام نے بھی خطاب کیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں