ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی اورعبد الحسیب خان کی مولانا جمیل اظہر وتھرا سے ملاقات

ہم پاکستان کے باشعور افراد کے تابناک مستقبل کے لئے جہد مسلسل کرنے میں سرگرم عمل ہوگئے ہیں، خالد مقبول

جمعرات 29 جولائی 2021 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سابق صوبائی وزیر عبد الحسیب خان نے اہلحدیث اتحاد کونسل کے صدر مولانا جمیل اظہر وتھرا سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے طویل گفتگو کے د وران بڑے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ہم پاکستان کے باشعور افراد کے تابناک مستقبل کے لئے جہد مسلسل کرنے میں سرگرم عمل ہوگئے ہیں اور ان شاء اللہ ہمارے سارے مخلص کارکنان اور تحریک کے ذمہ داران بلا رنگ و نسل ملک کے ہر فرد کیلئے وہ کام سر انجام دینا چاہتے ہیں جس سے ہمارے ملک اور اسلامی معاشرے میں وہ تبدیلی آئے جس کے ذریعے ہم از خود عوام کی دہلیز پر جا کر انہیں ہر قسم کا انصاف پہنچا سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے پسماندہ لوگوں کو وہ خوش خبریاں دینا چاہتے ہیں جس سے ملک کے طول و عرض میں رہنے والے تمام لوگ استفادہ کرسکیں ۔ جبکہ سابقہ صوبائی وزیر عبد الحسیب نے اپنی مختصر گفتگو میں کہا کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی کوششیں بہت جلد رنگ لائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماء کرام اور دانشور حضرات عوامی امنگوں اور انکی خواہشات کے بہت قریب ہوتے ہیں ہم انکی مشاورت و رہنمائی سے اپنے سماجی اور سیاسی سفر کا آغاز کرینگے۔

اس موقع پر جمیل اظہر وتھرا نے ڈاکٹر مقبول صدیقی کو بتایا کہ اگر ہم ملک کی سیاست کو بھی عبادت سمجھ کر بجا لائیں تو ہم زندگی کے ہر شعبہ میں پستیوں سے نکل کر بلندیوں پر براجمان ہوسکتے ہیں انہوں نے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجبور و مقہور عوام ہمارے قول و فعل کی حقیقی تمناؤں کے ذریعے ہی ہماری قربتوں کے امین بن سکتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں