شہر بھر میں بھرپور جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی جا رہی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

پہلے مرحلے میں مساجد، چرچ، مندر،اسکولز،کالجز، بازاروں اور شاپنگ سینٹرزکے اطراف اسپرے کیا جائے گا

جمعرات 29 جولائی 2021 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ مون سون سیزن میں مکھیوں، مچھروں اور دیگر جراثیم کے خاتمے اور افزائش کو روکنے کے لئے سول سوسائٹی کے تعاون سے شہر بھر میں بھرپور جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں مساجد، چرچ، مندر،اسکولز،کالجز، بازاروں اور شاپنگ سینٹرزکے اطراف اسپرے کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بہتر ماحول مہیا کیا جاسکے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز جراثیم کش اسپرے مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، دعوت اسلامی کے کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ عطاری، غلام محبوب عطاری، الخدمت فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹر منظر عالم، منیجر ڈیزاسسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ، ڈائریکٹر میونسپل پبلک ہیلتھ آفتاب مجدداسرانی، سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو جراثیم کش اسپرے مہم میں استعمال ہونے والی ادویات کی فراہمی اور اسپرے مہم کو مل کر چلانے کی پیشکش کی گئی جبکہ دعوت اسلامی کے نمائندوں نے بھی شہر میں جراثیم کش مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ معتدل موسم میں مکھیوں، مچھروں اور بیکٹیریا سمیت دیگر جراثیم کی افزائش تیزی سے ہوتی ہے، ممکنہ برسات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جراثیم کش اسپرے مہم کے لئے بھرپور تیاری کی جائے اور خاص طور پر ندی نالوں کے قریب اور نشیبی علاقوں میں اسپرے گاڑیوں اور دستی مشینوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ اسپرے کیا جائے، انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد شہر میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے جس کے ساتھ ساتھ جراثیم کش اسپرے بھی بے حد ضروری ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ اسپرے مہم کے لئے گاڑیاں، مشینری اور ایندھن تیار رکھا جائے اور کراچی کے تمام اضلاع میں اسپرے کے لئے شیڈول تیار کیا جائے جس سے عوام الناس کو بھی آگاہ کیا جائے، ضلعی میونسپل کارپوریشنز سے بھی اس سلسلے میں مکمل رابطہ رکھا جائے اور علاقے کی سطح پر اسپرے مہم کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کوئی بھی جگہ اسپرے سے محروم نہ رہے، اسپرے کے متعلق شہریوں کی شکایات پر فوری اقدام کیا جائے اور اسپرے کی گاڑی روانہ کی جائے، انہوں نے کہا کہ اسپرے مہم میں سول سوسائٹی اور فلاحی اداروں کی شمولیت اور تعاون ہمارے لئے حوصلہ افزاء ہے، یہ شہر کی بہت بڑی خدمت ہے اور مستقبل میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گزشتہ اسپرے مہم کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان علاقوں کی نشاندہی کی گئی جہاں اسپرے کی بہت زیادہ ضرورت ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے تاہم شہریوں کو بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہئے اور کوشش کرنی چاہئے کہ گھروں کا کچرا نالوں اور سڑکوں پر نہ پھینکا جائے اور اپنے مکان اور کام کی جگہوں پر صفائی ستھرائی کا ہرممکن خیال رکھا جائے، ہم سب مل کر کام کریں گے تو شہر کو صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھنے میں مدد ملے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن میں اور برسات کے موقع پر مکھیوں، مچھروں اور دیگر جراثیم کی افزائش کے مقامات اور دیگر تفصیلات سے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے تاکہ جراثیم کے سدباب کے لئے مشترکہ کوششیں کی جاسکیں۔

کراچی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments