عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ۔19 ایمرجنسی وارڈ میں مزید 25 بیڈز اور مانیٹرز کے اضافے کے بعد وارڈز میں بیڈز کی تعداد 82 ہوگئی

کوویڈ وارڈ کو فعال بنانے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی مدد اور تعاون قابل ستائش ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

جمعرات 29 جولائی 2021 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ۔19 ایمرجنسی وارڈ میں مزید 25 بیڈز اور مانیٹرز کے اضافے کے بعد وارڈز میں بیڈز کی تعداد 82 ہوگئی ہے، کوویڈ وارڈ کو فعال بنانے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی مدد اور تعاون قابل ستائش ہے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز عباسی شہید اسپتال میں جے ڈی سی کی جانب سے فراہم کئے گئے 25نئے مانیٹرز اور 500 پی پی کٹس سمیت دیگر طبی آلات کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز عبدالحمید جمانی، ڈائریکٹرمیڈیکل ڈاکٹر ندیم راجپوت،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم آصف، ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ایم نادر خان، سابق سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس وقت شہر میں کوویڈ کی بدترین صورتحال اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ فکر انگیز ہونے کے ساتھ ساتھ تشویشناک بھی ہے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اداروں اور ماہرین طب کی ضرورت ہے ،جو افراد کوویڈ وارڈ میں فرائض انجام دیں گے انہیں ہر ممکن مراعات فراہم کی جائیں گی، عباسی شہید اسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ کوویڈ کے مریضوں کی دیکھ بھال کرے گا اور ہر ممکن کوشش ہوگی کہ عباسی شہید اسپتال میں آنے والے کوویڈ سے متاثرہ مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جائیں، عباسی شہید اسپتال میں ٹراما سینٹر، ایمرجنسی وارڈ اور دیگر طبی سہولیات بھی جاری رہیں گی اور کے ایم سی کے شعبہ طب سے وابستہ افراد یہاں خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ۔

(جاری ہے)

19 کے ٹیسٹ کرنے اور ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہری ان خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ضرورت پڑی تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی عباسی شہید اسپتال میں امن و امان قائم کرنے کیلئے کہا جائے گا اس کے لئے محکمہ داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خط لکھا جاچکا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بعدازاں عباسی شہید اسپتال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں کوویڈ وارڈ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور مسائل کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسپتال میں پانی کے مسئلے کے لئے ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خدمت خلق کے جذبے کے تحت ٹینکرز کے ذریعے ہسپتال کوپانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ کوویڈ وارڈ میں ادویات اور سرجیکل سامان کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ مریضوں کے لواحقین پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہ پڑے انہوں نے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے اور غریب و متوسط طبقے کے لئے یہ اسپتال امید کی کرن ہے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی، انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لواحقین کے لئے گراؤنڈ فلور پر انفارمیشن سینٹر بنایا جائے تاکہ مریضوں کی صحت سے متعلق مکمل معلومات انھیں فراہم کی جائیں اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی سکتی کہ وہ لواحقین سے کسی بھی قسم کی بد تمیز ی کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں