حکومت سندھ کا محکمہ فنانس OZT گرانٹ 5 تاریخ تک جاری کرنے کا عدالتی حکم کے تحت پابند ہے، ذوالفقار شاہ

کراچی کے بلدیہ کورنگی، بلدیہ کیماڑی، بلدیہ غربی، اندرون سندھ میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ اور دیگر بلدیاتی اداروں کی گرانٹ جاری نہ کرکے توہین عدالت کی جارہی ہے

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی و آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر بنائی گئی SOP کے مطابق حکومت سندھ کا محکمہ فنانس بلدیاتی اداروں کو OZT گرانٹ ہر ماہ کی 5 تاریخ تک جاری کرنے کا پابند ہے۔ لیکن کراچی کے بلدیہ کورنگی، بلدیہ کیماڑی اور بلدیہ غربی کو تاحال OZT گرانٹ مطلوبہ معلومات جمع کروانے کے باوجود 5 فیصد کمیشن ادا نہ کرنے کی وجہ سے جاری نہیں کی گئی جبکہ اندرون سندھ کے بھی کئی بلدیاتی اداروں میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ اور دیگر کی بھی گرانٹ کمیشن ادا نہ کرنے پر تاحال جاری نہ کرکے توہین عدالت کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر بنائی گئی SOP پر سیکریٹری فنانس، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ایکسائز، کمشنر کراچی، ٹریژری آفیسر سمیت کراچی کے تمام بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز کے دستخط موجود ہیں جس کی منظوری معزز عدالت عالیہ سندھ نے دی ہے لیکن محکمہ فنانس جو کہ کمیشن مافیا کا گڑھ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان افسران نے تنخواہوں کی گرانٹ پر بھی 5 فیصد کمیشن وصول کرنا شروع کردیا ہے اور توہین عدالت کی جارہی ہے۔ انہوں نے محکمہ فنانس کے ارباب اختیار کو خبردار کیا ہے کہ اگر آج نماز جمعہ سے قبل OZT گرانٹ جاری نہ کی گئی تو پھر بعد نماز جمعہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں