خصوصی افراد کو ٹریڈ کے مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرینگے،صادق علی میمن

تقریبا 22 مختلف شعبوں میں خصوصی افراد کو ہنر مند بنانے کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے،معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ان کو ہنر مند بنانے کا اہتمام کر رہی ہے جس میں انہیں ٹریڈ کے مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ بات آج انہوں نے NOWPDP صدر کراچی ، خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی ایک این جی او کے دفتر کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر NOWPDP کے صدر امین ہاشوانی ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمیر علی ، رونق لاکھانی اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن کو بتایا گیا کہ تقریبا 22 مختلف شعبوں میں خصوصی افراد کو ہنر مند بنانے کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور ہر سال تقریباً 350 خصوصی افراد کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جاتی ہے جس میں ویب ڈیزائننگ ، کمپیوٹر پروگرامنگ ، رکشہ ڈرائیونگ شامل ہے اور اس تربیتی پروگرام کا انعقاد کراچی ، سجاول اور اسلام آباد میں کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے تربیتی پروگراموں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی ہنر مند بنانے کی تربیت سے خصوصی افراد کو باعزت طریقے سے اپنا روزگار کمانے میں آسانی ہو گی اور ہم سب کو اس مقصد کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا اور وہاں ہنر مندی کی تعلیم حاصل کرنے والے افراد سے سوالات پوچھے اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو ہنر مند بنانا اور ان کو تعلیم فراہم کرنا ایک شاندار منصوبہ ہے اور سندھ حکومت ایسے اقدامات کے لیے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کو بوجھ کے طور پر نہیں لینا چاہیے ، یہ ہمارا اولین فرض ہے کہ ہم انہیں پہلے سیکھنے کے قابل بنائیں تاکہ یہ پھر عزت کے ساتھ اپنی روزی کمائیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں