کراچی، کرنٹ لگنے سے مزدور سمیت 2 افراد جاں بحق

اتوار 19 ستمبر 2021 00:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) سائیٹ ایریا اور شاہ لطیف ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے مزدور سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ شرافی گوٹھ میں خودسوزی سے جھلسے زخمی شخص کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سائیٹ بی کے علاقے سائیٹ ایریا پاکستان کیبل والی گلی میں قائم نجی فیکٹری میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص کو نیم بہوشی کی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی۔

ایس ایچ او سائیٹ بی زوار حسین نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ اقبال کے نام سے ہوئی ہے ، متوفی اس ہی علاقہ کا رہائشی تھا ، تاہم روثاء بغیر قانونی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے جوگی موڑ کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 28 سالہ شاہنواز ولد 9 محبوب علی جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش کو ایمبولنس کے زریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق گھر میں پانی کی موٹر سے کرنٹ لگا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا ، تاہم ورثاء بغیر کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔

(جاری ہے)

جبکہ شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر کالونی سے 30 سالہ مراد ولد صابر کو جھلسے ہوئی حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او شرافی گوٹھ عدیل شاہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص نے خودکشی کی کوشیش کی ہے ، تاہم اقدام خودسوزی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ، پولیس نے واقعے کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں