محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کاجائیداد ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں جائیداد ٹیکس کے بڑے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کی دکانیں ، مکانات اور دیگر سامان سیل کر دیا جائے، مکیش کماچائولہ

پیر 20 ستمبر 2021 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ سندھ کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چائولہ کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر ، ڈائریکٹر جنرلز منیر احمد زرداری ، حاجی سلیم بھٹو ، ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس ون محترمہ ثمینہ بھٹو اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔مکیش کمار چائولہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے کام میں تیزی لائیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس ون محترمہ ثمینہ بھٹو نے صوبائی وزیر کو جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کو کمپیوٹرائزڈ چالان فارم جاری کئے جا چکے ہیں اور 30 ستمبر تک جائیداد ٹیکس جمع کرانے والوں کو پانچ فیصد ریلیف دیا جائے گا جبکہ جائیداد ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس جمع کرانے کی ترغیب دینے کے لیے بڑے پیمانے پر میڈیا مہم شروع کی جائے گی تاکہ ٹیکس نادہندہ گان کسی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہیں۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چائولہ نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں جائیداد ٹیکس کے بڑے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کی دکانیں ، مکانات اور دیگر سامان سیل کر دیا جائے اگر وہ اپنا ٹیکس جمع نہیں کراتے۔ انہوں نے جائیداد ٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ اگر وہ اپنے واجب الادا ٹیکس جمع نہیں کروائیں گے تو ان کی جائیدادیں نیلام بھی کی جا سکتی ہیں۔

سندھ کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چائولہ نے جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے اچھے افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی تاہم انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات اچھے نتائج لائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں