امریکی حکومت فریئر ہال کی تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں میں تعاون کرے گی، مارک اسٹرو

امریکی قونصل جنرل کا دو طرفہ معاملات اور تاریخی و ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کے تحفظ پر مل کر کام کرنے کا عزم

پیر 20 ستمبر 2021 18:55

کر اچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) کراچی میں تعینات نئے امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو نے کراچی میں تاریخی اہمیت کے حامل ثقافتی مقامات کے تحفظ پر مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، امریکی حکومت فریئر ہال کی تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں میں تعاون کرے گی، یہ بات امریکی قونصل جنرل نے فریئر ہال کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر امریکی قونصل خانے کے ڈپٹی قونصل جنرل اورکلچرل آفیسر بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ میٹرو پولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل پارکس اور دیگر افسران کے علاوہ ثقافتی امور کے ماہر ڈاکٹر کلیم لاشاری بھی موجود تھے،قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے امریکی قونصل جنرل اور دیگر مہمانوں کے فریئر ہال پہنچنے پر انہیں خوش آمدید کہا اور تاریخی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا، امریکی قونصل جنرل نے فریئر ہال کی لائبریری اور اوپری منزل پر واقع صادقین آرٹ گیلری میں خصوصی دلچسپی لی، ثقافتی امور کے ماہر ڈاکٹر کلیم لاشاری نے امریکی قونصل جنرل اور دیگر مہمانوں کو فریئر ہال کے تاریخی پس منظر کے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ عمارت برطانوی دور میں کراچی میں تعمیر ہونے والی اہم عمارتوں میں شامل ہے جس کا تعمیراتی کام1863 میں شروع ہوا اور 1865 میں مکمل ہوا، ابتدائی طور پر اسے ٹاو ن ہال اور لائبریری کی شکل دی گئی تھی جبکہ بعد میں یہاں پینٹنگ اور کیلی گرافی کی نمائش کے لیے آرٹ گیلری قائم ہوئی،1884 میں برطانوی گورنر سر ہنری بارٹلے ایڈورڈ فریئر کے انتقال پرکراچی اور صوبہ سندھ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر یہ عمارت ان سے موسوم ہوئی، قیام پاکستان کے بعد فریئر ہال لائبریری کو جہاں اس وقت 70 ہزار سے زائد کتابیں موجود تھیں لیاقت نیشنل لائبریری کا نام دیا گیا، امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو نے فریئر ہال کی تاریخی اہمیت اور اس عمارت کی دیکھ بھال پر کے ایم سی کے کردار کو سراہا اور دو طرفہ معاملات اور تاریخی و ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کے تحفظ پر مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں