بلدیاتی انتظامیہ کی غفلت کے باعث کھلا مین ہول ایک اور کمسن بچے کی جان لے گیا

منگل 21 ستمبر 2021 00:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) بلدیاتی انتظامیہ کی غفلت کے باعث کراچی میں کھلا مین ہول ایک اور کمسن بچے کی جان لے گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں بلدیاتی ادارے کی مجرمانہ غفلت سے معصوم بچے کی جان چلی گئی، گلی میں کھلے مین ہول میں گر کر ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق معصوم حمزہ گھر کے باہر کرکٹ کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں جاگرا، رات کے وقت علاقے کے دیگر بچے بھی گلی میں کھیل رہے تھے۔

(جاری ہے)

بچے کی گمشدگی کا پتا چلتے ہی اسے تلاش کرنا شروع کیا تو گلی کے درمیان میں موجود مین ہول کے سراخ سے کرکٹ بیٹ نظر آیا۔اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو مین ہول سے نکالا لیکن معصوم بچہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔حمزہ کے والدین شدت غم سے نڈھال ہیں جبکہ نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔علاقہ مکینوں نے کہاکہ علاقے میں کئی روز سے مین ہول کے ڈھکن نہیں ہیں اور آئے دن حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔اہل محلہ نے کہاکہ انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور مین ہول پر ڈھکن لگائے تاکہ کسی اور کا بچہ جان سے نہ جائے جبکہ والدین نے متعلقہ ادارے کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں