سینئر صحافی وارث رضا پراسرار طور پر لاپتہ، پولیس لاعلم

پی ایف یو جے نے سینئر صحافی کی گرفتاری پر آج ملک گیر احتجاج کی کال دیدی

بدھ 22 ستمبر 2021 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) کراچی سے تعلق رکھنے والے کالم نگار،سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے ممبر وارث رضا پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں تاہم پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔وارث رضا کی صاحبزادی لیلی رضا نے سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر دعوی کیا کہ انکے والد وارث رضا کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ شب 3بجے کے قریب گلشن اقبال میں واقع گھر سے اغوا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انکے والد نے ایسا کچھ نہیں کیا۔دوسری جانب آئی جی سندھ مشتاق مہر نے بتایا کہ پولیس اس واقع سے لاعلم تھی تاہم انکو وارث رضا کی پر اسرار گمشدگی کا علم ہوا ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔سینئر صحافی طلعت حسین نے بھی اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وارث رضا کو انکے گھر سے اغوا کیا گیا ہے اور اہلخانہ کے مطابق انکو اپنی تحریروں کی وجہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واقع کی مذمت کرتے ہوئے وارث رضا کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی وارث رضا کو رات گئے گھر سے حراست میں لیے جانے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے بھی سینئر صحافی وارث رضا کو حراست میں لیے جانے پر آج مورخہ 23 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں