صوبے اور مرکز دونوں میں بلڈر مافیا کا راج ہی:پاسبان

بدھ 22 ستمبر 2021 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ صوبے اور مرکز دونوں میں بلڈر مافیا کا راج ہے۔نسلہ ٹاورکو گرانے کے بجائے اس میں کراچی یتیم خانہ قائم کیا جائے۔وقت آگیا ہے کہ بلڈر مافیا کو لگام دی جائے اور اس کے لئے صوبائی اور قومی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ نیب عام لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے ان بلڈرز کا آڈٹ کرے۔

بلڈر مافیا من مانی قیمتیں وصول کرتی ہے۔ قانون ان کے سامنے بت بس ہے اور سرکاری افسران چمک کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہیں۔سرکاری افسران اور بلڈر دونوں کو مثالی سزا دی جائے۔ ملک بھر میں فعال اور سیاسی اثر و رسوخ سے پاک طاقتور اور آزاد کنزیومر کورٹس قائم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں ایک نہیں کئی سو نسلہ ٹٰاورموجود ہیںاور تواتر سے بنتے چلے جا رہے ہیں۔

اس مافیا پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں نسلہ ٹاور گرائے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے پی ڈی پی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ حکومت نے بلڈر مافیا کوبے لگام چھوڑ رکھا ہے۔غیر قانونی تعمیرات پر سرکاری ادارے خاموش ہیں۔ بحریہ ٹائون میں پلاٹوں کی خرید و فروخت پر جو جوا کھیلا جا رہا ہے معزز عدالت اس کا سوموٹو نوٹس لے۔

غریبوں کے خون پسینے کی کمائی ڈوب رہی ہے اور سرمایہ دار قہقہے لگا رہے ہیں۔ نسلہ ٹاور گرانے سے پہلے اس کی اجازت دینے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ افسران اور غیر قانونی تعمیر کر کے عوام کو دھوکہ دینے والے بلڈرز کو شاہراہ فیصل برج پر پھانسی دی جائے ۔ مثال قائم کرنے کا وقت آگیا ہے۔برج الحرمین کے مالکان تمام بکنگ کرنے والے افراد سے تئیس لاکھ روپے اضافی وصول کر رہے ہیں۔ زندگی بھر کی خون پسینے کی کمائی لگا کر ایک چھوٹا سا گھر بنانے والوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ پاسبان ان بلڈرز کے خلاف ملک گیر تحریک چلائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں