صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی میمن گوٹھ ملیر میں کھلی کچہری

عوام کا مفاس ہی حکومت سندھ کا نصب العین ہے، وزیر توانائی سندھ کا خطاب

بدھ 22 ستمبر 2021 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے بدھ کو میمن گوٹھ ملیر کے محمدی فٹبال گراونڈ میں منعقدہ کھلی کچہری میں عوام کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت ہی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا نصب العین ہے۔ جو کوئی بھی عوام کی خدمت میں لاپرواہی، سستی، کوتاہی اور بد دیانتی کرے گا وہ سزا بھگتے گا اور اسے معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی خواہشات کے برخلاف کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ سندھ حکومت عوام کے مفادات اور جائز مطالبات کے مطابق خدمات انجام دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لہذا جو عوام کی خدمت نہیں کرے گا وہ منصب پر بھی نہیں رہے گا۔کھلی کچہری میں امتیاز احمد شیخ نے فردا فردا لوگوں کے مسائل سنے اور فوری حل طلب مسائل کے لئے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں زیادہ تر شکایات، بجلی کی عدم فراہمی، زمین پر قبضے، ناجائز تجاوزات، پینے کے صاف پانی کی کمیابی، نکاسی اور صفائی کے نظام کی خرابی، سڑکوں کی خستہ حالی جیسے مسائل سے متعلق تھیں۔کھلی کچہری میں صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود ساجد جوکھیو، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی ارسلان اسلام شیخ، رکن سندھ اسمبلی اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سلمان عبداللہ مراد، اراکین سندھ اسمبلی سلیم بلوچ اور راجہ رزاق ،پیپلز پارٹی ملیر کے صدر عدیل شیخ اور دیگر عہدیداران کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ملیر، ایس ایس پی ملیر، ڈی ایچ او ملیر، ڈی ای او ملیر کے ساتھ ساتھ کے ڈبلیو اینڈ ایس بی، کے الیکٹرک ، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔

اس موقع پر ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نوکری سے نکالے گئے ملازمین کی شکایت پر وزیر توانائی سندھ نے ان کا مسئلہ وزیرِ اعلی سندھ اور سندھ کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔آئی بی اے سکھر کے تحت اساتذہ کی بھرتی کی غرض سے لئے گئے حالیہ ٹیسٹ کے بارے میں شکایات پر وزیر توانائی امتیاز شیخ نے یہ مسئلہ بھی وزیر اعلی کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

فوری حل کے قابل متعدد مسائل پر وزیر توانائی نے موقع پر موجود پولیس، ضلعی انتظامیہ، مقامی ہیلتھ افسران، محکمہ تعلیم کے مقامی افسران کو مذکورہ مسائل حل کرنے اور کام مکمل کئے جانے کی رپورٹ دینے کی ہدایات دیں۔اس موقع پر امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کا رشتہ اٹوٹ ہے اور پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں سندھ حکومت کے وزرا عوام کے مسائل سننے اور مسائل کو موقع پر حل کرنے کیلئے عوام کے دروازوں پر جارہے ہیں اور یہ کھلی کچہریاں اور عوام سے رابطوں کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری و ساری رہے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں