7 سالہ پریا کماری کی بازیابی کیلئے گیانچند ایسرانی کی آئی جی سے ملاقات

آئی جی سندھ نے ڈی آئی سکھر کو بچی کی جلد بازیابی کے لئے سخت احکامات جاری کر دیئے پریا کماری کی بازیابی کیلئے اخبارات میں اشتہار شائع کروایا جائے اور معلومات دینے والے کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جائے، آئی جی پولیس

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے سنگھرار سکھر سے 10 محرم الحرام کو لاپتہ ہونے والی 7 سالہ پریا کماری کی بازیابی کیلئے آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر سے سی پی او میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے آئی جی سندھ کو بتایا کی 35 روز گذر چکے ہیں، لیکن معصوم پریا کماری کا کوئی پتہ نہیں چل سکا، بچی کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔

جس پر آئی جی سندھ پولیس نے ڈی آئی جی سکھر سے فون پر رابطہ کر کے معصوم پریا کماری کی جلد بازیابی کی ہدایت دی اور کہا کہ بچی کی بازیابی کیلئے اخبارات میں اشتہار شائع کروایا جائے اور بچی سے متعلق معلومات دینے پر 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے اقلیتی برادری کے عبادت گاہوں اور مذہبی تقریبات کی سیکیورٹی کے معاملات آئی جی سندھ کے سامنے اٹھائے اور کہا کہ مندروں، گردواروں اور گرجا گھروں پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر کے ایس ایس پیز کو احکامات دیئے جائیں کہ اقلیتی برادری کی مذہبی تقریبات پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ زندہ پیر سکھر ہندو برادری کا اہم تیرتھ آستان ہے، ایس ایس پی سکھر کو مناسب سیکیورٹی کے احکامات دیئے جائیں۔ آئی جی سندھ نے اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں ضلع جامشورو میں امن امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے جام شورو میں کرائیم کے واقعات کے بارے میں آئی جی سندھ کو آگاہی دی۔ جس پر آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کہا کہ جام شورو میں جرائم کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں