پاکستان اسٹیل ملز بحالی منصوبہ 12 روز سے جاری روڈ شوز کا سلسلہ اختتام پذیر

موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا اصولی فیصلہ کیاہے،مشکلات کے باوجود پاکستان اسٹیل ملز بحالی منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے،محمدمیاں سومرو

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت پاکستان اسٹیل ملز روڈ بحالی منصوبے کیلئے سرمایہ کاروں سے روابط کیلئے گزشتہ بارہ روز سے جاری سلسلہ اختتام پذیرہوگیاہے۔روڈشوزمیں چین،کوریا اور روس کی نمایاں و تجربہ کار کمپنیوں سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں/کنسورشیم نے شرکت کی ۔

سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔روڈ شوز کے دوران سرمایہ کاروں کو اسٹیل ملز بحالی منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ اور مختلف سوالات کے جوابات دیئے گئے۔ اختتامی تقریب جمعرات کو کراچی میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی یونٹ مسلسل خسارے کے باعث عرصہ دراز سے بند پڑا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا اصولی فیصلہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ مشکلات کے باوجود پاکستان اسٹیل ملز بحالی منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔وزارت نجکاری اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایکسپریشن آف انٹریسٹ شائع کر چکی ہے۔محمدمیاں سومرو نے کہاکہ وزیر اعظم کی بزنس دوست پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

امید ہے کہ دنیا کی بہترین اور تجربہ کار کمپنیاں پاکستان اسٹیل ملز بحالی منصوبے میں شریک ہوں گی۔وزیر نجکاری نے کہاکہ اسٹیل ملز کی بحالی سے قومی خزانے میں اضافے کے علاوہ غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں بڑی مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ہے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے آگے بڑھیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں