پیپلز پارٹی کی کرپٹ سندھ حکومت کراچی سے کچرا اٹھانے کے نام پر بھتہ وصول کرنے کے نت نئے طریقے ایجاد کررہی ہے، پاک سرزمین پارٹی

جو کچرا اٹھا نہیں سکتے وہ عوام سے کچرا اٹھانے کے پیسے گیس کے بلوں میں شامل کر کے وصول کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی عوامی غیض و غضب سے ڈرے،مصطفی کمال

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ سندھ حکومت کراچی سے کچرا اٹھانے کے نام پر بھتہ وصول کرنے کے نت نئے طریقے ایجاد کررہی ہے۔ جو کچرا اٹھا نہیں سکتے وہ عوام سے کچرا اٹھانے کے پیسے گیس کے بلوں میں شامل کر کے وصول کرنا چاہتے ہیں۔ پیپلزپارٹی عوامی غیض و غضب سے ڈرے۔

تمام تر وسائل اور اختیارات ہونے کے باوجود اب بھی عوام کا کوئی بھلا نہیں کر رہی۔ پیپلز پارٹی جب تک متعصبانہ رویہ ختم نہیں کرتی تب تک سندھ ترقی نہیں کر سکتا۔ سندھ کو عملی طور پر اپنی جاگیر سمجھ لیا گیا ہے اور اس کے وسائل کو بے دریغ لوٹا جا رہا ہے۔ عوام کو پیپلز پارٹی کے مظالم کے خلاف ہماری جدوجہد کا حصہ بننا ہوگا جہاں بلاتفریق عوامی مفاد میں فیصلے لیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دفتر میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اگر سندھ سے مخلص ہوتی تو اس میں تعصب کا بیچ ڈال کر اسے نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ سب کو جوڑ کر اس کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرتی لیکن اس کے برعکس پیپلز پارٹی والوں نے اپنی جیبیں گرم کی ہیں اور عوام کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کردیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں