تفتیشی پولیس نے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ لوٹنے کے مقدمے کا عبوری چالان پیش کردیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) تفتیشی پولیس نے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ لوٹنے کے مقدمے کا عبوری چالان پیش کردیا۔ عدالت نے چالان منظور کرلیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ لوٹنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس تحقیقات مکمل کرکے عبوری چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔

پولیس نے مقدمے میں چوری، چوری کے مال کی وصولی اور سازش کرنے کی دفعات کا اضافہ کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے عبوری چالان میں 12 ملزمان کو مفرور ظاہر کیا ہے۔ عبوری چالان میں کہا گیا ہے مقدمے میں 12 ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 3 کروڑ 8 لاکھ 70 ہزار200 روپے نقد اور زیورات برآمد کئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کیش وین کے عقب میں مشتبہ ہائی روف نظر آئی۔ ملزم ذوالفقار علی نے اپنے دو سالوں کے ذریعے پکنک کا کہہ کر ہائی روف مالکان سے حاصل کی۔ کیش وین ڈرایئور حسین شاہ نے اپنے سات ساتھیوں کے ہمراہ کیش وین سے رقم، اسلحہ اور ڈی وی آر لوٹا۔ عدالت نے عبوری چالان منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں