کراچی کے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میںعلی الصبح فجر کے اوقات میں 4 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کورنگی کراسنگ،الواسع ٹائون، اللہ والا ٹائون،ملیر،شاہ فیصل کالونی، لانڈھی سمیت کورنگی سیکٹر 31 اے کے مختلف سب سیکٹرز میں نصف شب کے بعد اورعلی الصبح فجر کے اوقات میں 4 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

صارفین نے شکایت کی ہے کہ کے الیکٹرک کی دن بھر10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے بعد کورنگی،شاہ فیصل کالونی،ناتھا خان ، لانڈھی، ملیر اور لیاری سمیت مختلف علاقوں میں نصف شب کے بعد بھی 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ نصف شب ساڑھے 12 بجے ، 3 بجے اور فجر کے وقت 5 بجے ایک ایک گھنٹہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کیالیکٹرک نے کورنگی سیکٹر 31 اے ' بی ' جی سمیت اطراف کے علاقوں میں نصف شب کے بعد اور فجر کے وقت بجلی بند کرنے کا جوسلسلہ شروع کیا ہے اس کے تحت غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کے تعطل کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے ۔

کورنگی کے مختلف سیکٹرز میں نصف شب کے بعد اور فجر میں بجلی 4 گھنٹے کے لئے بند کی جاتی ہے۔دوسری جانب کورنگی سیکٹر 31 اے میں کے الیکٹرک کی ذیلی کمپنی کی تنصیبات اوردفاترمیں بجلی بحال جبکہ اطراف کے علاقوں کی بجلی بند کردی جاتی ہے،لوڈشیڈنگ کے نئے حربے نے صارفین کی زندگی اجیرن کردی ہے۔کے الیکٹرک کا موقف ہے کہ لائن لاسز والے علاقوں میں کیبل فالٹس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوتی ہے تاہم تکینکی فالٹس کی تعداد اور نوعیت جانے کی کوشش کی تو ترجمان کے الیکڑک نے تفصیلات بتانے سے گریزکیا۔

صارفین کا کہنا ہے کہ کورنگی الواسع ٹان اوراطراف کے علاقے لائن لاسزوالے ایرایاز میں نہیں آتے نہ ہی صارفین پرواجبات ہیں نہ علاقہ ڈیفالٹرہے بلکہ صارفین کے بلزپرکے الیکٹرک نے انہیں اسٹارصارف کا درجہ دے رکھا ہے مگراس کے باوجود کورنگی سیکٹر31 اے اوراطراف کے علاقے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کے نشانے پرہیں۔ صارفین نے کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل دورانیہ کی بندش کا نوٹس لینے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ باالخصوص رات کے اوقات نصف شب کے بعد لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں