کراچی،ڈیفنس میں پولیس نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم گرفتار

ملزم منور حسین ولد اللہ بخش کے قبضے سے ہتھوڑی، چھینی اور دیگر اوزار برآمد ہوئے ہیں، پولیس

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) ساحل پولیس نے ڈی ایچ اے مرتضی کمرشل لین میں اے ٹی ایم مشین توڑنے کی واردات ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح رکشے میں سوار 4 ملزمان مرتضی کمرشل پر آئے، جن میں سے دو ملزمان نے رکشے سے اتر کر بینک کے کیمروں پر اسپرے کیا اور پھر واپس جا کر رکشہ میں بیٹھ گئے، جب کہ ایک ملزم بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں جاکر اسے توڑنے لگا جس پر اے ٹی ایم مشین کا الارم بجنا شروع ہوگیا۔

(جاری ہے)

الارم کی آواز سن کر وہاں سے گزرنے والے ایک شہری نے مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دے دی۔ ساحل پولیس کی موبائل موقع پر پہنچی تو رکشے میں بیٹھے 3ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم اے ٹی ایم بوتھ میں موجود ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا گیا۔ملزم کی شناخت منور حسین ولد اللہ بخش کے نام سے ہوئی، ملزم کے قبضے سے ہتھوڑی، چھینی اور دیگر اوزار برآمد ہوئے ہیں۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں