جناح برج پر آئل ٹینکر الٹ گیا، متعدد موٹر سائیکلیں سلپ

علاقہ مکینوں نے سڑک پر بہہ جانے والے تیل کو پلاسٹک کے کینز میں بھر لیا ،پولیس کی جانب سے شہریوں کونہیں روکا گیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) جناح برج سے آئی سی آئی چوک جاتے ہوئے آئل ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا، تیل سڑک پر گرنے کی وجہ سے متعدد موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق جناح برج سے آئی سی آئی چوک جاتے ہوئے آئل ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں اس میں موجود تیل سڑک پر بہہ گیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تیل روڈ پر پھیل جانے کے سبب متعدد موٹر سائیکلیں سلپ ہوگئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر الٹنے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک اور علاقہ پولیس نے موقع پر پہنچ کرجناح برج سے آئی سی آئی چوک جانے اور آنے والے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گلبائی سے آنے والی ٹریفک کو مرزا آدم خان چوک سے میراں ناکہ کی جانب جب کہ جناح برج سے آئی سی آئی چوک جانے والی ٹریفک کو ٹاور، جی الانہ چوک، جماعت خانے سے آئی سی آئی کی جانب موڑ دیا گیا ہے تاہم اس دوران ہیوی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد سڑک پر بہہ جانے والے آئل کو پلاسٹک کے کین اور دیگر برتنوں میں جمع کرتے دکھائی دیے۔ تاہم پولیس کی جانب سے شہریوں کو تیل جمع کرنے سے نہیں روکا گیا۔ٹریفک پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد کرین کی مدد سے الٹنے والے آئل ٹینکر کو ہٹا دیا، ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کر کے سڑک پر پھیلنے والے تیل کو صاف کر دیا گیا ہے، کچھ مقامات پر مٹی بھی ڈالی گئی تاکہ موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کو پھسلن سے بچایا جا سکے۔ جب کہ ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں