متوسط طبقے کی خواتین کو معاشی طورپر مستحکم و ہنرمند بنانے کیلئے آگاہی سیشن

خواتین ویڈیوگرافی سیکھ کر معاشرتی ہم آہنگی اور تبدیلی کے عنصر کو اپنے نقطہ نظر سے اجاگر کرسکیں گی، سعدیہ بلوچ کورنگی چکراگوٹھ، ابراہیم حیدری، بلدیہ ٹاون سعیدآباد، ماڑی پور اور لیاری سی60خواتین کومنتخب کیا جائے گا، محمد فہیم

اتوار 26 ستمبر 2021 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2021ء) متوسط طبقے کی خواتین کو معاشی طورپر مستحکم و ہنرمند بنانے کیلئے مہردر آرٹ اینڈ پروڈکشن کی جانب سے اسکول آف جرنلزم کورنگی میں آگہی سیشن منعقد کیا گیا جس میں چکرا گوٹھ کورنگی سے بڑی تعداد میں طلبا نے شرکت کی، پروگرام منیجر سعدیہ بلوچ نے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فیلو شپ کورس میں ہم خواتین کو ٹریننگ دینگے کہ وہ ویڈیوگرافی سیکھ کر معاشرتی ہم آہنگی اور تبدیلی کے عنصر کو اپنے نقطہ نظر سے اجاگر کرسکیں۔

اس فیلو شپ پروگرام سے ہم60 خواتین کا انتخاب کرینگے جن کا تعلق کورنگی چکراگوٹھ، ابراہیم حیدری، بلدیہ ٹاون سعیدآباد، ماڑی پور، چاکیواڑہ اور نواآباد لیاری سے کیا جائے گا۔ آج ہم کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ سے متحرک اور دلچسپی رکھنے والی لڑکیوں کو منتخب کرینگے ٹریننگ سیشن کے دوران فیلوز کو ڈاکیومنٹری ٹولز، پروڈکشن ٹولز، کہانی کی تخلیق و انتخاب اور کیمرے کا استعال سکھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

آٹ ریچ آفیسر پارس میمن نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بارہ دن کا پروگرام دلچسپی رکھنے والی خواتین کے لئے لائف چینجر ثابت ہوگا اور وہ ہنر مند خواتین بن کر معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکیں گی اس پروگرام کی تکمیل پر خواتین، ڈاکیومنٹری فلموں کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے اور پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں معاون ثابت ہونگی۔

نوجوان فلم میکر، ولاگر و اینکر ثاقب ہارون نے دوران سیشن اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو دستاویزی فلمز آپ لوگ خود بنائینگے اس سے کمیونٹی کو شہری مسائل، سماجی اقدامات، معاشرتی ہم آہنگی، کمیونیٹیز میں ترقی سے متعلق شعور و آگہی ملے گی اور پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے ضروری سازوسامان اور مواد ہم آپ کو فراہم کرینگے۔ ادارے کے بانی، فلم میکر اور معروف سوشل میڈیا ایکٹویسٹ، محمد فہیم کا کہنا تھا کہ میڈیا کا انتظار کرنے کے بجائے ہمیں خود میڈیا بن جانا چاہئیے اور ایسی کہانیاں سامنے لانی چاہئیے، جو مثبت اور روشن پہلوں کی نشان دہی کرتی ہیں۔

اِس مقصد کے تحت ہم نے مہردر آرٹ اینڈ پروڈکشن کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ اس کی ایک کڑی ہمارا یہ پروگرام ہے جو خواتین کو معاشی مستحکم اور ہنرمند بنانے کیلئے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خاص طور پر نوجوانوں کو ایک کارآمد شہری بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ادارے کے بانی محمد فہیم نے طلبا کو بتایا کہ آپ کی بنائی ہوئی دستاویزی فلمز کی نمائش کی جائے گی اور ان پر بحث و مباحثہ کیا جائے گا جس سے کمیونٹی کے اندر شہری و سماجی ذمہ داریوں سے متعلق بیداری پیدا ہوگی اور معاشرہ خواتین کی قیادت کے حق کو تسلیم کرے گا۔

آخر میں پروگرام منیجر سعدیہ بلوچ نے اسکول آف جرنلزم کے روح رواں مزمل فیروزی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کورنگی کی خواتین کو یہ موقع فراہم کرنے میں ہماری مدد کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں