کورونا وائرس صورتحال: مزید 11 مریض جاں بحق اور 523 دیگر متاثر

پیر 27 ستمبر 2021 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 11 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد 7361 ہو گئی ہے اور 12840 ٹیسٹ کئے جانے پر 523 نئے کیسز سامنے آئے۔ یہ بات وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کو وزیراعلی ہائوس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مزید 11 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اموات کی تعداد 7361 تک جاپہنچی ہے جو کہ شرح اموات کا 1.6 فیصد ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 12840 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 523 کیسز کا پتہ چلا جو کہ 4 فیصد موجودہ تشخیصی شرح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 5980884 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن کے نتیجے میں455554 کیسز کی تشخیص ہوئی ان میں سے 93.6 فیصد یعنی 426293 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے والے 352 مریض بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت 21900 مریض زیر علاج ہیں ، ان میں سے 21338 گھروں میں ، 35 آئسولیشن مراکز میں اور 527 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 474 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 4 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 523 نئے کیسز میں سے 173 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں شرقی 47 ، وسطی 36 ، جنوبی اور کورنگی 28-28 ، غربی اور ملیر 17-17 ہیں۔ مٹیاری میں 36 ، نوشہروفیروز 29 ، شہید بینظیر آباد 28 ، ٹھٹھہ 27 ، ٹنڈو الہیار 26 ، دادو 21 ، بدین اور سانگھڑ 18-18، شکارپور اور تھرپارکر 16-16، جامشورو 15 ، ٹنڈو محمد خان 14 ، سکھر اور میرپورخاص 13-13، جیکب آباد اور عمرکوٹ 11-11، گھوٹکی ، لاڑکانہ اور سجاول 9-9اور حیدرآباد 4 کیسز ہیں۔ مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں