کراچی سمیت صوبے بھر میں پیغمبر اسلامؐکے نواسے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلاؓ کے چہلم کے موقع پر جلوس نکالے گئے

مجالسِ عزا منعقد کی گئیں،کراچی میں چہلم کا جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیرہوگیا سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی اورجلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون کی سروس جزوی معطل

منگل 28 ستمبر 2021 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) کراچی سمیت صوبے بھر میں پیغمبر اسلامؐکے نواسے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلاؓ کے چہلم کے موقع پر جلوس نکالے گئے اور مجالسِ عزا منعقد کی گئیں،کراچی میں چہلم کا جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیرہوگیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیئے گئے تھے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی اورجلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون کی سروس جزوی معطل رہی۔

کراچی کے نشتر پارک میں مرکزی مجلس پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نشترپارک میں ہوئی۔مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں پرروشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چہلم شہدائے کربلا کا جلوس صبح 9 بجے مارٹن روڈ امام بارگاہ سے برآمد ہوکر نشر پارک پہنچا اور مرکزی مجلس میں شرکت کی،بعد ازاں نشتر پارک سے شبیہ و علم ذوالجناح کا جلوس بوتراب اسکاٹس کی قیادت میں برآمد ہوا،مرکزی جلوس عزامیں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے، مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں عزاداران شریک تھے۔

جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکرامام بارگاہ علی رضا پہنچا جہاں باجماعت نماز ظہرین دوران مرکزی جلوس امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام ولانا سید احمد اقبال رضوی کی امامت میں ادا کی گئی۔نماز ظہرین کے بعد امامیہ اسٹوڈنٹس کے تحت امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر اتش کئے گئے۔شرکائے جلوس ،عزاداران نے مرثیہ و نوحہ خوانی کی ۔

جلوس کے راستہ میں پانی کی سبلیں اور طبی کیمپ لگائے گئے تھے۔مرکزی جلوس نشتر پارک، سر شاہنواز بھٹو روڈ، فادر جیمس روڈ، نمائش صدر ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ سے امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادرپر اختتام پذیر ہوگیا۔کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے موقع پرعزاداروں کی نوحہ خوانی اور ماتم، جلوسوں کی گزر گاہوں پر پانی کی سبیلوں اور لنگر کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے، جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینر رکھ دیئے گئے تھے اورسی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں