ْپیپلز پارٹی کے قائدین نے باغ جناح جلسے کو وفاقی حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم قرار دے دیا

وزیرا عظم عمران خان نہ کھپے ، نہ کھپے ، ،نہ کھپے ، جادو ٹونے سے حکومتیں نہیں چلتیں ،عوام کے حق حکمرانی پر ڈاکا ڈالنے والے وعدہ شکن وزیر اعظم کو سندھ کے عوام نہیں مانتے ہیں ، رہنمائوں کا خطاب

اتوار 17 اکتوبر 2021 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نے باغ جناح جلسے کو وفاقی حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان نہ کھپے ، نہ کھپے ، ،نہ کھپے ، جادو ٹونے سے حکومتیں نہیں چلتیں ۔ عوام کے حق حکمرانی پر ڈاکا ڈالنے والے وعدہ شکن وزیر اعظم کو سندھ کے عوام نہیں مانتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنماوں نثار کھوڑو ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، علی مدد جتک اور دیگرنے باغ جناح میں پیپلز پارٹی کے تحت ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ جلسہ سانحہ کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا ۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں بلاول بھٹو زرداری ، آصفہ بھٹو زرداری کو خوش آمدید کہتاہوں ، آج کا جلسہ لاکھوں افراد پر مشتمل ہے ، آج ہم سانحہ کارساز شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو جلا وطنی ختم کرکے وطن واپس آئیں ، ہر زبان پر نعرہ تھا بے نظیر آئے گی روزگار لائے گی ،اس دن رات 12 بجے کارساز کے مقام پر دو دھماکے کئے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گرد بے نظیر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن بے نظیر بھٹو کے بھائیوں نے اپنی جانیں قربان کرکے انہیں بچا لیا ، اگلے دن بے نظیر بھٹو زخمیوں کی عیادت کرنے ہسپتال پہنچی ، اس کے بعد انہوں نے عوامی رابطہ مہم شروع کی لیکن دہشت گردوں نے انہیں 27 دسمبر کو شہید کر دیا ۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے شہدا کا غم نہیں بھولا ،ہر سال 18 اکتوبر کو شہیدوں کی یاد میں جلسہ کرتے ہیں ، یہ ربیع الاول کا مہینہ ہے ، اسی لئے جلسہ ایک دن پہلے منعقد کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہم بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حقیقی جمہوریت لائیں گے اور اپنے ملک کے لوگوں کی خدمت کرتے رہیں گے ، اس ملک کا جو حال پی ٹی آئی کی حکومت نے کیا ہے اس سے عوام کو نجات دلائیں گے ۔

آج لوگوں کو آٹا نہیں مل رہا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے ، تین سالوں میں ہر چیز کی قیمت دگنی سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چینی کی قیمت 110 روپے سے زیادہ ہو گئی ہے ، اس حکومت کو احساس نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرول کی قیمت 10 روپے بڑھا دی گئی ہے ،وفاقی حکومت عوام کی جان چھوڑو اور گھر جاو ، عوام کو موجودہ حکومت اور اس کی مہنگائی سے پیپلز پارٹی کی قیادت جان چھڑائے گی ۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان جس سے بھی پوچھ کر فیصلے کرتے ہیں ، وہ بہت غلط کرتے ہیں ۔ عمران خان کہتے تھے کہ ہم ملکی کی پیداوار بڑھائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کو معلوم ہی نہیں کے جی ڈی پی کا مطلب کیا ہے ، وزیر اعظم کے نزدیک جی ڈی پی کا مطلب گیس ڈیزل اور پٹرول کے نرخ بڑھانا ہے ، پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کے بعد وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ابھی تو صرف 10 روپے بڑھائے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام کو پیپلز پارٹی کو منتخب کرنا ہو گا ۔ پیپلز پارٹی ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی اور پہلے سے زیادہ نشستیں جیتے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئندہ انتخابات پیپلز پارٹی سوئپ کرے گی اور وفاقی حکومت بنا کر ظالمانہ پالیسیوں کا خاتمہ کریں گے ۔ وزیر اعلی سندھ نے اپنی تقریر کے اختتام پر نعرے لگوائے اور شرکا سے یہ عہد لیا کہ وہ بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ 18 اکتوبر کو نشانہ بے نظیر بھٹو تھیں ، بے نظیر بھٹو پاکستان کے مظلوم عوام کے لیے وطن واپس آئی تھیں ۔ا نہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک میں ایسی جمہوریت بحال کرے گی ، موجودہ حکومت سے عوام کو چھٹکارا دلائیں گے ، جس نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے اور ہر مہینے مہنگائی کے بم بر سا رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم کسی بیک ڈور دروازے یا چینل سے حکومت میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی کسی سازش کا حصہ بنیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی ہے تھی اور برقرار رہے گی ۔انہوںنے کہاکہ ہم سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،ہم 18 اکتوبر کو شہیدوں کا دن مناتے ہیں ، یہ صرف پیپلز پارٹی کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کی جمہوریت کے لیے شہید ہوئے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے بی بی کو قرآن شریف کے وعدے دے کر بلایا تھا ، وہ پاکستان آئیں ، انہوں نے دعا کی کہ شکر ہے کہ میں اپنے ملک آ گئی ۔

انہوںنے کہاکہ18 اکتوبر کو شہید بی بی کا قاتلانہ حملہ کیا گیا ۔ یہ حملہ اس ملک کی جمہوریت پر تھا ، ہمارا عزم ہے کہ ہم غریبوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم بھٹو شہید کے اصولوں پر چلتے ہوئے اصل جمہوریت لائیں گے،یہاں کوئی سلیکٹڈ نہیں ہو گا ، یہ نااہل حکمران عوام کی قسمت سے کھیل رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم گولیوں اور کوڑوں سے نہیں ڈرتے ،آج ہر دن کالا دن ہے ، وفاقی حکومت نے عوام کا جینا تنگ کر دیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ جادو ٹونے سے حکومت چلا رہے ہیں ،عمران ، عارف علوی ، عذاب بن کر عوام پر گرے ۔ انہوںنے کہاکہ اب قوت بازو دکھانے کا وقت ہے ، اب اس حکومت سے نجات دلانے کا وقت ہے ،مہنگائی بم ، پٹرول بم ، بے روزگاری کا بم ، ہم کتنے بم برداشت کریں ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی تم بڑھاو اور الزام پہلے کی حکومت پر ڈال دو ، ایسے وزیر اعظم کو ہم نہیں مانتے ، ہم ایسے لوگوں کو نہیں مانتے جنہوں نے ووٹ میں خیانت کی ہو ۔

انہوںنے کہاکہ سندھ کے عوام نے ریفرنڈم دے دیا ہے کہ عمران خان نہ کھپے ، پیپلز پارٹی پچاس سال سے قربانیاں دے رہی ہے ۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دو گے ، بلاول کو وزیر اعظم بنائو گے ۔انہوںنے کہاکہ آج پٹرول 138 روپے ہو گیا ہے ، عوام غربت کی لکیر سے نیچے آ گئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ وقت حکومت سے نجات کا ہے ، پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک نے کہاکہ پیپلز پارٹی بلوچستان کی جانب سے شہدا کارساز کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں ۔ ہم بی بی شہید کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں