افسران تعلقات عامہ حکومتی اقدامات کی تشہیر کا لازمی جزو ہیں، سیکریٹری اطلاعات حکومت سندھ

جمعرات 21 اکتوبر 2021 20:01

کراچی۔21اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) :سیکریٹری محکمہ اطلاعات حکومت سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ مختلف وزرا ، مشیروں اور محکموں کے ساتھ تعینات پی آر اوز حکومت کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لئے ان پر حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا سدباب کرنے اور عوامی فلاح وبہبود کے حکومتی منصوبوں کی تشہیر کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کو اپنے دفتر میں محکمہ اطلاعات کے مختلف محکموں میں تعینات افسران تعلقات عامہ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پی آر اوز کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے متعلق فرداً فرداً رپورٹ لی گئی جبکہ افسران کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اطلاعات سندھ نے میڈیا کے ذریعے سندھ کابینہ کے تمام وزرااور محکموں کی کارکردگی کو عوام میں اجاگر کرنے کے لیے مزید کوششوں پر زور دیااور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ہر محکمے کے سیکریٹری سے ملاقات کروں گا تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مزید بہتر تشہیر کو یقینی بنایا جا سکے۔

سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ بلاشبہ محکمہ اطلاعات کو سندھ حکومت کے محکمو ں میں نمایا ں حیثیت حاصل ہے اور یہ محکمہ عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار اداد کرتا ہے، اس تناظر میں پی آر اوز کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ٹریننگ اور مختلف ریفریشر کورسز کروائے جائیں گے۔

سیکریٹری اطلاعات نے ہدایت کی کہ تمام پی آر اوز اپنی پندرہ روزہ کارکردگی رپورٹ ڈائریکٹر پریس انفارمیشن کو پیش کریں۔ انہو ں نے تمام افسران کو متنبہ کیا کہ فرا ئض کی انجا م دہی میں کسی قسم کی کوتا ہی بر دا شت نہیں کی جا ئے گی۔انہوں نے افسران کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی محکمہ جاتی ترقیوں سمیت دیگر درپیش مسائل جلد حل کئے جائیں گے، میرے دفتر کے دروازے آپ کے لئے کھلے ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل ظفر فاروقی، فدا حسین بالادی،ماجد خان ، عمران ذوالنون ،معین الدین، انفارمیشن افسران سید سعد علی، شکیل ڈوگر، شبیر بابر ، عاطف وگھیو ، فرحت امتیاز ، جعفر پنہور، سہیل جوکھیو ،عبدالشکور اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں