حکومت نے اگر ان حالات میں سنجیدگی نہ دکھائی تو مہنگائی کا ایسا سیلاب آئے گا جو سب کچھ بہا کر لے جائے گا، عبدالعزیز عرب

جمعرات 21 اکتوبر 2021 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے تمام اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے عام آدمی بہت پریشان ہے، حکومت کو چاہیے کہ اپنے اخراجات کم کریں اور عوام کو سبسڈی دیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایک اجلاس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے سفید پوش طبقے کا بھی جینا محال ہوگیا ہے، سوال یہ ہے کہ غریب اور تنخواہ دار طبقے کا کیا ہوگا جب عوام مہنگی اشیا خریدتے ہیں تو حکومت کو بددعائیں دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہوتی جارہی ہے۔ حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے ہر طبقے اور کمیونٹی کو متاثر کیا ہے، آج ہمارے نوجوان بے روزگار ہوچکے ہیں، لوگوں کے کارووبار تک ختم ہوگئے ہیں۔ حکومت نے اگر ان حالات میں سنجیدگی نہ دکھائی تو مہنگائی کا ایسا سیلاب آئے گا جو سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔ اپوزیشن کی بھی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ باہر نکلیں اور حکومت کو مہنگائی کے ختم کرنے پر مجبور کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں