انسداد دہشتگردی عدالت،پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کا مقدمہ خراب کرنے سے متعلق ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ مسترد

آئی جی سندھ کو 20 یوم میں دوبارہ تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی

جمعہ 22 اکتوبر 2021 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ فیصل کالونی میں پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کا مقدمہ خراب کرنے سے متعلق ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو 20 یوم میں دوبارہ تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے رو رو شاہ فیصل کالونی میں پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کا مقدمہ خراب کرنے کے مقدمے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے عدالت میں کمپلائنس رپورٹ جمع کرائی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران پولیس اہلکاروں کی جانب سے کوئی بدنیتی نہیں پائی گئی۔ عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کی رپورٹ مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایس پی انویسٹی گیشن کی تحقیقات سے مطمئن نہیں۔

(جاری ہے)

بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ تحقیقاتی افسر نے عدالتی حکم نامہ نہیں پڑھا۔ عدالت نے تحقیقاتی رپورٹ آئی جی آفس بھیجنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے آئی جی سندھ 20 یوم میں دوبارہ تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ فیصل کالونی میں پولیس مقابلے کے مقدمے میں دو ملزمان کو بری کیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں انسپکٹر طارق محمود، ہیڈ کانسٹبل وقار اورسپاہی سفیان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے جان بوجھ کر استغاثہ کا مقدمہ خراب کرنے کی کوشش کی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں