سیکرٹری بلدیات سندھ کا انڈسٹریل ایریا سائٹ کا دورہ،سڑکوں کی تعمیر اور مرمتی کام کا معائنہ

جمعہ 22 اکتوبر 2021 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2021ء) سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹائون پلاننگ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے  انڈسٹریل ایریا سائٹ کا  دورہ کیا جس میں انہوں نے صنعتی علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور مرکزی شاہراہوں اور سڑکوں کی مرمت سمیت تمام سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے بارے  ہدایات  جاری کیں۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے دورے کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بلدیات سندھ کے زیر اہتمام پورے سندھ بالخصوص کراچی کے بنیادی انفرا اسٹرکچر کو ازسرنو بہتر اور خوبصورت بنانے کے حوالے سے متعدد میگا سکیموں اور منصوبوں  پر کام جاری ہے جبکہ تما م رہائشی علاقوں کی بحالی اور تزئین و آرائش  کے ساتھ صنعتی علاقوں کی مستقل ترقی بھی حکومت سندھ کا منشور ہے لہذا  انڈسٹریل ایریا سائٹ کی تعمیر نو بھرپور اندازسے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 1037ملین روپے  کی لاگت سے سائٹ کے صنعتی علاقے میں 17سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، جن سے ملحقہ ڈرینج سسٹم کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔سیکرٹری بلدیات سندھ  نے کہا کہ  متوقع طور پر آئندہ  سال کے وسط تک منصوبے کا تمام تعمیری و مرمتی کام تکمیل تک پہنچ جائے گامگر ترقی اور بہتری کا یہ سفر اس سنگ میل کے حصول کے بعد بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے شفافیت اور بروقت تکمیل کو  منصوبوں کی کامیابی میں اہم کردار کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ  تمام تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل میں کوئی بھی قانونی پہلو یا دفتری کارروائی رکاوٹ نہ بنے لہذا تمام اہم نکات اور ضروری پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد ہی کسی بھی ترقیاتی سکیم یا پراجیکٹ کی بنیاد ڈالی جاتی ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے امید ظاہر کی کہ کراچی کے تما م ترقیاتی منصوبے اور میگاسکیمیں اس شہر کو ایک بار پھر سے عالمی معیار کے ان چند شہروں کے درمیان لا کھڑا کریں گی جس پر پورے سندھ کی عوام پورے اعتماد سے فخر کرسکے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں