بیگم نصرت بھٹو کے ذکر کے بغیر ملکی جمہوری تاریخ نامکمل ہے، مسرت نیازی

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) مادرِ جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو انتہائی باحوصلہ خاتون رہنما تھیں، انہوں نے شوہر بیٹوں اور بیٹی کی قربانیوں کے باوجود پرعزم انداز میں اپنے مجازی خدا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کو سنبھالا۔ آج ہم جس جمہوریت سے فیض یاب ہورہے ہیں یہ انہی کی لازوال جدوجہد کا ثمر ہے۔ ان تاثر ات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات مسرت خان نیازی نے گذشتہ روز بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر ایصال ثواب کیلئے منعقدہ محفل قرآن خوانی کے اختتام پر خواتین کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ نصرت بھٹو کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی جمہوری تاریخ نامکمل ہے۔

(جاری ہے)

ایک ایسے مشکل وقت میں انہوں نے PPPکی کمان سنبھالی جب جنرل ضیاء الحق کی مارشل لائی بربریت نقطہ عروج پر تھی۔ جمہوری جدوجہد کے دوران پیپلز پارٹی کے سینکڑوںجیالے کارکنوں کی میتوں پر وہ ماتم کناں رہیں، جنہیں وہ اپنی اولاد کی طرح سمجھتی تھی۔ ان کارکنوں پر گولی چلی تو خون میں شرابور بیگم صاحبہ چلائیں۔

ظالمو!میرے بچوں کو مت مارو۔ مسرت خان نیازی نے کہا کہ ایران کے شہر اصفہان میں صلاح الدین ایوبی کے خاندان سے تعلق رکھنے والی بیگم نصرت بھٹو کی پوری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے۔ ڈکٹیٹر ضیاء الحق کی آمریت کے سیاہ دور میں انہوں نے کارکنوںورہنمائوں کی دلجوئی کرکے انہیں متحد و یکجا رکھا اور ہر دکھ وصعوبت برداشت کرکے قربانیوں کی ناقابل فراموش داستانیں رقم کیں۔ PPPلیڈیز ونگ کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات نے بیگم صاحبہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں اور اپنی قربانیوں و کارکردگی کے باعث حیات جاودانی کی منزل پرمستقل فائز رہیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں