مہنگائی اور بے روزگاری مسلط کرنے والے سیلکٹڈ ٹولے کو کراچی کے عوام نے مسترد کردیا، مولانا نورالحق

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) جمعیت علمااسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیرشیخ الحدیث مولانا نورالحق اورجنرل سیکرٹری قاری نورالامین نے ایمپریس مارکیٹ میں کامیاب احتجاجی مظاہرے پرتمام قائدین کو مبارک دیتے ہوئے کراچی کے باشعور عوام خصوصا جے یو آئی ضلع جنوبی کے باہمت کارکنوں کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ کراچی بھر خصوصاضلع جنوبی کے ذمہ داران کی بھرپور محنت نے جلسے کی کامیابی میں بنیادی کردارادا کیاہے ،ملک پر مہنگائی اور بے روزگاری مسلط کرنے والے سیلکٹڈ ٹولے کو کراچی کے عوام نے مسترد کردیاہے،ایمپریس مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے کیلئے بڑا جلوس ضلع جنوبی سے جے یو آئی کے ضلعی امیرشیخ الحدیث مولانا نورالحق میں پہنچا،جس میں سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں شامل تھیں،لیاری میراں ناکہ سے مفتی اقبال بلوچ،عبدالحق مخلص،مولانانصیراللہ اور لی مارکیٹ سے مولانا عبداللہ بلوچ ،ڈاکٹر مذمبر خان جبکہ شیریں جناح کالونی کلفٹن سے قاری نورالامین، قاری محمد شعیب ،عبیداللہ شاہ نے جلوسوں کی قیادت کی جوشاہین کمپلیکس سے ایمپریس مارکیٹ کیلئے مولانا نورالحق کی قیادت میں روانہ ہوئے،اس سے قبل جے یو آئی یوسی 26 پی ایس 110 نے فریسکو چوک پر دعوتی کیمپ قائم کیا ،جس میں مفتی داد،مفتی محمدپراچہ،مولاناحفظ الرحمن، ریاست،مولاناسعیدالرحمن،مولاناعباداللہ حقانی،عبدالوحیدلغاری،مولاناسلمان اور دیگرشہریوں اور تاجروں کو مظاہرے میں شرکت کی دعوت دیتے رہیں، پارٹی قائدین نے بھی کیمپ کا دورہ کیا،اس موقع پرمولانا نورالحق نے کہا کہ غریب عوام مہنگائی کی دلدل میں گردن تک دھنسے ہوئے بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور بنا دئیے گئے ہیں،وقت آ گیا ہے کہ غریب کے چہرے کی زردی اور لٹیروں کے چہرے کی لالی ختم کردی جائے اس کیلئے قوم کو پی ڈی ایم کا ساتھ دینا ہو گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں